کوئٹہ(خ ن) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی ہدایت پر وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری عمران گچکی کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری مواصلات علی اکبر بلوچ، سیکرٹری کلچر منظور حسین، سیکرٹری پلاننگ محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات اصغر حریفال، کمشنر کوئٹہ ڈویژن سہیل الرحمٰن،ڈپٹی کمشنر کوئٹہ شہک بلوچ اور ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج عابد محمود سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی اجلاس کو کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کے ڈی پی ڈی نے کوئٹہ پیکج کے تحت جاری منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل سیکرٹری نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت جاری سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں کوجلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام منصوبوں پر پیشرفت کو تیز کیا جائے اور انہیں جلد مکمل کیا جائے اجلاس میں متعلقہ حکام کو سریاب روڈ مین کیرج وے کی 30 مئی 2023 تک تکمیل کو یقینی بنانے، سبزل روڈ کی جون 2023 کے اواخر میں تکمیل، لنک بادینی روڈ پر کام کو تیز کرنے، سرکی روڈ کی ری ڈیزائننگ سے متعلق محکمہ منصوبہ بندی وترقیات کے ذریعے سمری ارسال کرنے، انسکمب روڈ کو دیگر تمام جزئیات کے ساتھ جون تک مکمل کرنے، وادی ہنہ اوڑک کے مجوزہ ماسٹر پلان کے مارچ کے مہینے کے اواخر تک سنگ بنیاد رکھنے اور اس پلان سے متعلق پی پی پی موڑ کو مدنظر رکھنے، سرکلر روڈ پارکنگ پلازہ کوئٹہ اور مٹن مارکیٹ سمیت لیاقت اسکوائر کے مجوزہ منصوبوں کو پی پی پی موڈ کے تحت چلانے کی ہدایت کی گئی وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی واضح ہدایات ہیں کہ وہ تمام منصوبے جلد مکمل کیے جائیں جو عوامی نوعیت کے ہیں اور کوئٹہ پیکج کے تحت چلنے والے منصوبوں کی تکمیل سے کوئٹہ شہر پر ٹریفک کا دباؤ کم ہو گا اور شہر کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہونے کے ساتھ تجارتی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوگا۔