• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

سرسید یونیورسٹی نے پانچ ایونٹس کی شاندار میزبانی کرکے دل جیت لئے

کسی بھی ملک میں کھیلوں کے فروغ اور ترویج میں تعلیمی ادارے بھی اہم کردارا دا کرتے ہیں، دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سرگرمیاں پورا سال جاری رہتی ہیں جن میں ہزاروں کی تعداد میں نوجوان لڑکے اور لڑکیاں حصہ لیتے ہیں جہاں سے نا صرف نیا ٹیلنٹ سامنے آتا ہے بلکہ ان ہی تعلیمی اداروں کے طلبا و طالبات قومی اور بین الاقوامی سطح پر کارہائے نمایاں انجام دینے کے بعد ان اداروں کے لئے باعث افتخار کا باعث بنتے ہیں۔ 

کھیل اور کھلاڑیوں کی سرپرستی کرنے کے حوالے سے سر سید یونیورسٹی کراچی میں نوجوان کھلاڑیوں کو آگے لانے میں اہم کردار ادا کررہی ہے، حال ہی میں کراچی میں منعقدہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے یکے بعد دیگرے پانچ اہم اسپورٹس ایونٹس کی کامیاب میزبانی اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ سر سید یونیورسٹی کے ڈائریکٹر اسپورٹس انٹر نیشنل ہاکی کھلاڑی مبشر مختار کی سربراہی میں یونیورسٹی کا اسپورٹس ڈپارٹمنٹ انتہائی محنت اور توجہ کے ساتھ اسپورٹس ایونٹس کی میزبانی کررہا ہے۔ ان ایونٹس میں شرکت کرنے والے کھلاڑی اور آفیشلز کامیابی حاصل کرکے خوشگوار یادیں لے کر اپنے اپنے گھر جاتے ہیں، اسپورٹس ڈپارٹمنٹ کے تمام لوگ کھیل اور کھلاڑیوں کو سمجھتے ہیں اور پروفیشنل انداز میں کام کرتے ہیں۔

سب سے اہم بات یہ بھی ہے کہ یونیورسٹی کے چانسلر جاوید انوار، وائس چانسلر ولی الدین، رجسٹرار کموڈور(ر) سید سرفراز علی اورکنوینر اسپورٹس قاضی نصربھی اپنے اسپورٹس ڈپارٹمنٹ کے شانہ بہ شانہ ہوتے ہیں اور ان ہی کی ہدایات کی روشنی میں مختلف کمیٹیاں تشکیل دی جاتی ہیں اور ایونٹ کے اختتام تک یہ تمام افراد اسپورٹس ڈپارٹمنٹ کو بھر پور سپورٹ کرتے ہیں۔سر سید یونیورسٹی کے چانسلر جاوید انوار نے 2016ء میں اپنی آمد کے ساتھ ہی قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اولمپئن عبدالحسیم خان کو اسکالر شپ دے کر اسپورٹس کو فروغ دینے کے سلسلے میں پہلا بڑا اقدام کیا تھا۔ 

حال ہی میں ایچ ای سی آل پاکستان کے جن ایونٹس کی کراچی میں شاندار میزبانی کی ان میں آل پاکستان ایچ ای سی ویمن شوٹنگ چیمپئن شپ اور آل پاکستان ایچ ای سی ویمنز ہاکی چیمپئن شپ شامل ہیں جس میں پاکستان بھر سے نامی گرامی اور اسپورٹس کے حوالے سے معروف جامعات نے شرکت کی،ان میں سندھ ایگریکلچر یونیورسٹی ٹنڈوجام، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور، لاہور گیریژن یونیورسٹی، لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی، یونیورسٹی آف لاہور، یونیورسٹی آف پنجاب، یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز، یو ایم ٹی لاہور، سپیریئر یونیورسٹی لاہور، بی زیڈ یو ملتان کے علاوہ دیگر شہروں کی جامعات شامل ہیں، ان تمام جامعات کے کھلاڑیوں، آفیشلز، ملک بھر سے آئے ٹیکنیکل آفیشلز اور دیگر مہمانوں نے ایونٹس کو یادگار اور کامیاب قراردیا، شوٹنگ چیمپئن شپ کے مہمان خصوصی گورنر سندھ کامران ٹیسوری تھے۔

سرسید یونیورسٹی نے ایچ ای سیکے جن ایونٹس کی میزبانی کی ان میں ایچ ای سی زون ایم ویمنز ہاکی،ایچ ای سی زون ایم والی بال اورایچ ای سی زون ایم مینز فٹبال شامل ہیں، دل چسپ امر یہ ہے کہ ان تینوں ایونٹس میں سر سید یونیورسٹی کی ٹیم فاتح رہی تھی۔ان کے ساتھ ساتھ آل پاکستان انٹر ورسٹی چیمپئن شپس کی مشترکہ میزبانی کی افتتاحی اور اختتامی تقریب میں صوبائی وزرا، اسماعیل راہو اور سعید غنی بھی شریک تھے۔ سر سید یونیورسٹی کا اسپورٹس ڈپارٹمنٹ گزشتہ برس ایچ ای سی آل پاکستان ویمنز ہاکی چیمپئن شپ کی اسلام آباد میں بھی کامیاب میزبانی کر چکا ہے۔ 

یونیورسٹی کے چانسلر جاوید انوار نے ایچ ای سی ایونٹس کے یکے بعد دیگرے انعقاد کے حوالے سے ایچ ای سی کے ڈائریکٹر اسپورٹس جاوید علی میمن کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ ان کی آمد کے بعد کراچی بھر کی یونیورسٹیوں میں کھیلوں کی سرگرمیاں پہلے سے کہیں زیادہ ہوگئی ہیں، اب طلبا و طالبات تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی سرگرمیوں میں بھی مصروف رہتے ہیں جو خوش آئند ہے۔ سر سید یونیورسٹی کا ایک اور بڑا کارنامہ قومی ویمن کرکٹر سیدہ عروب شاہ کو اسکالر شپ دینا بھی ہے اٹھارہ سالہ قومی کرکٹرعروب شاہ آئندہ چار سال تک سرسید یونیورسٹی میں مفت تعلیم حاصل کرسکیں گی انکی تعلیم پر آنیوالے 10 لاکھ روپے کے اخراجات یونیورسٹی خود برداشت کرے گی۔ 

سیدہ عروب شاہ پاکستان کی انڈر19ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان ہیں اور حال ہی میں انہوں نے ویمن انڈر19ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان کی ٹیم کی قیادت کی، سرسید یونیورسٹی کی مینز اور ویمنز ہاکی ٹیموں کے ساتھ ساتھ کرکٹ، بیڈ منٹن، ٹگ آف وار اور دیگر کھیلوں کی باقاعدہ ٹیمیں تشکیل دی جاتی ہیں یہی وجہ ہے کہ گزشتہ برسوں میں یونیورسٹی سے وابستہ کئی کھلاڑیوں نے قومی سطح پر اپنی یونیورسٹی کے ساتھ ساتھ اپنے شہر، صوبے اور ملک کی نمائندگی بھی کی۔

اسپورٹس سے مزید
کھیل سے مزید