• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

پی ایس ایل8: احسان اللہ اور صائم ایوب متاثر کرنے میں کامیاب

جمعے کی شب ٹیلی وژن پر جب کراچی میں دہشت گردی کی خبر سنی تو دل دھل گیا اور میرا فورا خیال پاکستان سپر لیگ کی جانب گیا جس میں ویک اینڈ پر نیشنل اسٹیڈیم میں دو بڑے میچ ہونا تھے اور میچوں کے لئے ٹکٹوں کی مانگ بڑھ رہی تھی اور شہر کراچی میں کرکٹ کا بخار بھی عروج پر تھا۔اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ہے ایک بار پھر ہماری سیکیورٹی فورسز نے جانوں کا نذرانہ پیش کرکے ملک کو ایک بڑی دہشتگردی سے بچایا اور ہمارے جوانوں نے جام شہادت نوش کرکے نہ صرف دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا بلکہ پاکستانی کرکٹ کو بھی بچالیا۔

پاکستان میں مارچ2009 میں ہونے والی دہشت گردی کی وجہ سے دس سال ملک میں انٹر نیشنل میدان ویران رہے۔ چار پانچ سالوں سے دنیا کی بڑی ٹیموں نے پاکستان آنا شروع کردیا اور اس سال پاکستان کو ایشیا کپ اور 2025 میں آئی سی سی چیمپئنزٹرافی کی میزبانی کرنا ہے۔ ہمارا پڑوسی ملک پہلے ہی پاکستان دشمنی میں کرکٹ کا نقصان پہنچا رہا ہے اور ہم سے کرکٹ کھیلنے کو تیار نہیں ہے۔ 

کراچی میں پولیس آفس پر حملہ ہمارے جوانوں کی دلیری کی وجہ سے پسپا ہوگیا اور اس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب اس خبر نے اطمینا ن دلایا کہ پاکستان سپر لیگ کو کوئی خطرہ نہیں، ٹورنامنٹ پروگرام کے مطابق ہوگا۔چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کو کوئی خطرہ نہیں، لیگ جاری رہے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اور پاکستان سپر لیگ فرنچائز مالکان نے پی ایس ایل 8 کے میچز شیڈول کے مطابق جاری رکھنے پر اتفاق کیا ،کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ہونیوالا میچ بھی وقت پر شروع ہوا۔ کراچی میں پولیس آفس پر دہشتگرد حملے کے بعد کی صورتحال پر غور کیلئے پی سی بی اور پی ایس ایل فرنچائز مالکان کے درمیان اجلاس ہوا۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ واقعہ کا براہ راست پاکستان سپر لیگ سے کوئی تعلق نہیں۔ 

پاکستان سپر لیگ کے میچز جاری رہیں گے۔ ملتان میں پرکشش افتتاحی تقریب کے بعد پاکستان سپر لیگ کے میلے نے سب کی دلچسپی کا سامان پیدا کیا تھا۔پہلے میچ میں قلندرز کی ایک رن اور دوسرے میچ میں پشاور زلمی کی دو رن کی کامیابی ہی اس لیگ کی مقبولیت میں اضافہ کرتی ہے سب سے بڑھ کر دنیا کے صف اول کے کھلاڑی پاکستان میں موجود ہیں۔ مہنگائی کے اس دور میں کھلاڑیوں کی محبت میں تماشائی مہنگے ٹکٹ خرید کر اسٹیڈیم کا رخ کررہے ہیں۔ لیکن نوجوانوں کے لئے اب بھی پاکٹ منی سے ٹکٹ خریدنا آسان کام نہیں ہے۔ اسی دوران نجم سیٹھی نے طالب علموں کے لئے ٹکٹوں کے نرخ نصف کرکے اچھا کام کیا ہے۔سب سے بڑھ کر پاکستان سپر لیگ میں اچھا ٹیلنٹ سامنے آرہا ہے۔ ابتدائی چند میچوں کے بعد سوات سے تعلق رکھنے والے فاسٹ بولر احسان اللہ اور بیٹسمین صائم ایوب کے اپنے کھیل سے سب کو متاثر کیا ہے۔

ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو نو وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنی پہلی فتح رقم کر دی ہے۔ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والا میچ ٹورنامنٹ کے پہلے دونوں میچوں کے برعکس خاصا یکطرفہ ثابت ہوا اور کوئٹہ کی بظاہر مضبوط بیٹنگ لائن اپ ملتان کے 20 سالہ فاسٹ بولر احسان اللہ کے سامنے ڈھیر ہو گئی۔

احسان اللہ نے کوئٹہ کے اوپنر جیسن رائے، سرفراز احمد، عمر اکمل، افتخار احمد اور پھر نسیم شاہ کی وکٹیں حاصل کیں اور کوئٹہ کی بیٹنگ کو کسی موقع پر بھی سنبھلنے نہیں دیا۔ بلاشبہ احسان اللہ نے بہترین فاسٹ بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ ان کے پاس بہترین پیس اور جارحانہ انداز ہے۔ 

یہ ا سٹار بنانے والی پرفارمنس تھی۔وقار یونس بھی ان کی تعریف کئے بغیر نہ رہ سکے۔ پاکستان کپ میں20 وکٹیں لینے کے بعد احسان اللہ پی ایس ایل میں نئی دریافت بن کر سامنے آرہے ہیں۔ افتخار احمد جنھوں نے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے کے ساتھ ساتھ پی ایس ایل ایگزیبیشن میچ میں وہاب ریاض کو چھ چھکے بھی لگائے تھے۔ 

تاہم آج وہ بغیر کوئی رن بنائے پہلی ہی گیند پر احسان اللہ کی تیز گیند کا نشانہ بنے اور ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ کوئٹہ کے لیے صورتحال مزید مایوس کن ہوتی اگر نمبر آٹھ پر کھیلنے والے محمد حفیظ اور فاسٹ بولر محمد حسنین 18 اور 22 رنز سکور نہ کرتے اور ٹیم کو ایک بہترا سکور تک نہ پہنچا دیتے۔2021 میں ٹرائلز کے دوران لاہور قلندرز نے احسان اللّٰہ کو منتخب کیا تھا۔ لاہور قلندرز کا پاکستان کرکٹ کو باصلاحیت کھلاڑی دینے کا سلسلہ جاری ہے۔ 

پی ایس ا یل 8 میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے والے فاسٹ بولر احسان اللّٰہ بھی لاہور قلندرز کی دریافت ہیں۔ ملتان میں پی ایس ایل 2023 کے پانچویں میچ میں کچھ ایسا ہی ہوا جس میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 56 رنز سے شکست دی۔ تاہم دوسری اننگز میں مہمان ٹیم کے صائم ایوب نے اپنی نصف سنچری سے متاثر کیا۔ انہوں نے 37 گیندوں پر 53 رنز کی باری کھیلی مگر اس اننگز میں مارے گئے تین چھکوں اور تین چوکوں نے شائقین کو کافی لطف اندوز کیا، خاص کر ان کی ’نو لُک شاٹ‘ صائم ایوب نے دلکش شاٹس کھیلیں مگر پشاور کا کوئی بلے باز ان کا ساتھ نہ دے پایا اور نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد وہ لیگ سپنر اسامہ میر کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

سوشل میڈیا پر شائقین صائم کے شاٹس کا مقابلہ سعید انور سے کررہے ہیں۔جہاں کرکٹ کی بات ہورہی ہے وہیں خواتین ورلڈ کپ میں کراچی کی بیٹر منیبہ علی صدیقی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں سنچری بنانے والی پہلی پاکستانی خاتون کھلاڑی بن گئی ہیں۔ وہ دنیا میں صرف چھٹی خاتون ہیں جنھیں یہ اعزاز حاصل ہوا ہے۔انھوں نے جنوبی افریقامیں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوران آئر لینڈ کے خلاف 68 گیندوں پر 14 چوکے لگا کر 102 رنز بنائے جس کی بدولت پاکستان نے 70 رنز سے فتح حاصل کی۔

25سال کی منیبہ نے تیسری وکٹ کے لیے ندا ڈار کے ساتھ 101 رنز جوڑے۔ جب منیبہ 45 رنز پر کھیل رہی تھیں تو لی پولا کے 10ویں اوور میں ڈیپ مڈ وکٹ پر ان کا ایک کیچ ڈراپ ہوا جس کے بعد آئر لینڈ کے لیے ریکوور کرنا مشکل ہوگیا تھا۔ یوں کرکٹ کے میدان سے نئے فیوچر اسٹارز اپنی کارکردگی سے سب کو متاثر کررہے ہیں اور یہی امید ہے کہ یہ باصلاحیت کھلاڑی پاکستان کرکٹ میں اپنے نام پیدا کریں اور پاکستانی کرکٹ مزید ترقی کرے۔

اسپورٹس سے مزید
کھیل سے مزید