پاکستان سپر لیگ نے ہمیشہ کی طرح پہلے ہی ہفتے میں زبردست کامیابی حاصل کی ہے۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور ملتان اسٹیڈیم میں سنسنی خیز میچ بھی ہوئے اور بعض ٹیموں کو یکطرفہ فتوحات بھی ملیں۔ کراچی میں دہشت گردی کی واردات کے بعد ٹورنامنٹ کے مستقبل پر خدشات بھی سامنے آئے لیکن اتوار کی شب کراچی کے لوگوں کی بڑی تعداد میں اسٹیڈیم آئی اور پاکستان زندہ باد کے نعروں میں ملی یکجہتی کا شاندار مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔
دنیا کے صف اول کے کھلاڑی ٹورنامنٹ میں ایکشن میں ہیں اور سو سے زائد غیر ملکیوں کی شرکت اس بات کی غمازی ہے کہ پاکستان غیر ملکیوں کے لئے اب محفوظ ملک ہے۔ ابتدائی سات دنوں کے بعد پی ایس ایل8 میں کراچی کنگر اور ملتان سلطانز نے چار چار میچ کھیلے ہیں۔
کراچی کو تین لگاتار شکستوں کا منہ دیکھنا پڑا۔ محمد عامر مسلسل تنازعات کی زد میں ہیں۔ ان کے ساتھ میر حمزہ ان فٹ ہوگئے لیکن میر حمزہ کی جگہ آنے والے عاکف جاوید نے چار وکٹیں حاصل کرکے اپنی کارکردگی سے سب کو متاثر کیا۔ جبکہ ملتان سلطانز نے محمد رضوان کی قیادت میں چار میں سے تین میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ملتان کو واحد شکست دفاعی چیمپین لاہور قلندرز کے ہاتھوں ہوئی ہے۔
مسلسل تین میچوں میں ناکامی کے بعد بلآخر کراچی کنگز نے رواں برس پی ایس ایل کا پہلا میچ جیت ہی لیا اور وہ بھی روایتی حریف لاہور قلندرز کے خلاف۔ پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 67 رنز سے ہرا دیا ہے۔ اس ہار میں یہ چیز واضع دکھائی دی کہ مڈل آرڈر بیٹنگ میں قلندرز کو رائیلی روسو،افتخار احمد،شعیب ملک اور مارٹن گپ ٹل کی طرح ایک مستند مڈل آرڈر بیٹسمین کی ضرورت ہے۔
لاہور قلندرز کی بولنگ لائن اپ میں شاہین شاہ آفریدی ،حارث روف،زمان خان جیسے فاسٹ بولرز ہیں۔ راشد خان کے آنے سے اس کا اسپین بولنگ کا شعبہ مزید مضبوط ہوگا۔ ملتان سلطانز کی ٹیم ابتدائی چار میچوں میں متوازن دکھائی دے رہی ہے۔ محمد رضوان فرنٹ سے لیڈ کررہے ہیں۔
اسلام آباد کی ٹیم بھی مضبوط ہے اسلام آباد کی ٹیم میں حسن علی اور آصف علی کو بھی ٹیم میں جگہ نہیں مل رہی ہے۔شاداب خان کی قیادت میں اسلام آباد کوملتان کے ہاتھوں بڑے مارجن سے شکست ہوئی۔ ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 52 رنز کے واضح فرق سے ہرا دیا ہے۔ ملتان کرکٹ ا سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 191 رنز کا ہدف دیا تھا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوری ٹیم 18ویں اوور میں 138 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ ملتان سلطانز کے نوجوان بولر عباس آفریدی نے چار وکٹیں حاصل کیں۔رائیلی روسوو 30 گیندوں پر 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ محمد رضوان 38 گیندوں پر 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ان کے بعد ڈیوڈ ملر بیٹنگ کے لیے آئے اور صرف 24 گیندوں پر 52 رنز کی تیز اننگز کھیلی۔ایکشن سے بھر پور ٹورنامنٹ میں اس وقت کراچی اور ملتان میں میچ ہورہے ہیں جس کے بعد ٹورنامنٹ لاہور اور پنڈی منتقل ہوجائے گا۔ پہلے ہفتے کے دوران کوئی بھی ٹیم جیت سے محروم نہیں ہے۔ پہلے مرحلے میں ہر ٹیم نے دس دس میچ کھیلنا ہے اس لئے یہ کہنا مشکل ہے پلے آف میں کون کون سی ٹیمیں آگے جائیں گی۔ایک اور میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو چھ رنز سے ہرا دیا ہے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنا سکی اور یوں اسے چھ رنز سے شکست ہوئی۔
ٹورنامنٹ میں کراچی کنگز کی یہ مسلسل تیسری ناکامی ہے۔اس سے قبل مارٹن گپٹل کی شاندار سنچری کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو مقررہ 20 اوورز میں جیت کے لیے 169 رنز کا ہدف دیا تھا۔ مارٹن گپٹل نے اپنی ففٹی مکمل کی اور انھیں اس وقت نئی زندگی ملی جب اینڈریو ٹائی کی گیند پر پوائنٹ پر کھڑے فیلڈر ان کا کیچ چھوڑدیا۔ انھوں نے اس موقع کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اگلے 50 رنز صرف 18 گیندوں پر بنائے اور وہ پی ایس ایل کے آٹھویں ایڈیشن کی پہلی سنچری بنانے والے پہلے بیٹر بن گئے۔گپٹل نے اننگز کے 19ویں اوور میں اینڈریو ٹائی کو ایک اوور میں تین چھکے لگاتے ہوئے 30 رنز بھی بنائے۔
وہ اننگز کی آخری گیند پر عامر یامین کی وکٹ بنے لیکن اس سے قبل ہی وہ 67 گیندوں پر پانچ چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 117 رنز بنا چکے تھے۔ کراچی کنگز کی جانب سے عماد وسیم نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے 16 رنز کے عوض تین وکٹیں لیں جبکہ عامر یامین نے بھی تین وکٹیں اپنے نام کیں۔کراچی کنگز کے لیے مارٹن گپٹل نے چھ اننگز میں 69 رنز بنائے تھے جبکہ کوئٹہ گلیّڈی ایٹر کے لیے پہلی اننگز میں ہی 117 رنز داغ دیئے اور میچ وننگ اننگز کے بعد سوشل میڈیا پر یہ بحث چل پڑی ہے کہ پتا نہیں کیوں جب کوئی کھلاڑی کراچی کنگز چھوڑتا ہے تو ساتھ ہی پرفارم کرنا شروع کر دیتا ہے، میں حیران ہوں کہ عام طور پر ان ہی کے خلاف کیوں؟‘ پی ایس ایل کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔
ملتان میں ہونے والے میچ میں ملتان سلطانز کی جیت میں احسان اللہ کی تباہ کن بولنگ اور روسو کی دھواں دار بیٹنگ نے اہم کردار ادا کیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 18.5 اوورز میں 110 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور ملتان سلطانز کو جیت کیلئے 111 رنز کا ہدف ملا جو اس نے 13.3 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ محمد رضوان 28 اور رائیلی روسو 78 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ قبل ازیں ملتان سلطانز کے فاسٹ بولر احسان اللہ نے کوئٹہ کی بیٹنگ لائن تباہ کردی، انہوں نے 4 اوورز میں صرف 12 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔پی ایس ایل میں احسان اللہ نے اپنی بولنگ اسپیڈ سے سب کو متاثر کیا ہے۔سوات سے تعلق رکھنے والا یہ نوجوان پاکستانی بولنگ اٹیک میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ بیٹنگ میں صائم ایوب اور اعظم خان بھی متاثر کن کارکردگی دکھار ہے ہیں۔ عباس آفریدی اور عاکف جاوید بھی شہ سرخیوں میں ہیں۔ سب سے بڑھ کر پی ایس ایل کے لئے بہت اچھی پچیں بنائی گئی ہیں جس پر بڑے اسکور بھی بن رہے ہیں لیکن اسپنرز کے لئے ان پچوں میں زیادہ مدد دکھا ئی نہیں دے رہی ہے۔
معین خان کے بیٹے اعظم خان کے وزن کی وجہ سے انہیں منتخب کرنے سے گریز کیا جاتا ہے لیکن اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرنے والے بیٹسمین کولن منرو نے نوجوان وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اس بات پر حیرت ہے کہ اعظم پاکستان ٹیم میں کیوں منتخب نہیں ہو رہے۔ کولن منرو نے اعظم خان کی بیٹنگ کے بارے کہا کہ اعظم نے کمال کی بیٹنگ کی، انہیں سمجھ نہیں آتا کہ اعظم خان پاکستان ٹیم میں کیوں نہیں کھیل رہے، ان کی اور بھی پلیئرز سے اس حوالے سے بات ہوئی۔ بہت سے لوگ اعظم کے وزن پر اعتراض کرتے ہیں لیکن اگر وہ پاکستان کے بہترین بیٹرز میں سے ایک ہیں تو پھر انہیں ٹیم میں کیوں نہیں لیا جارہا ۔
کوئٹہ کے کپتان سرفراز احمد کا بیٹ پہلے ہفتے میں رنز نہ اگل سکا لیکن سرفراز احمد زبردست کپتانی کررہے ہیں اور ان کی کپتانی میں ماضی والا شو ر شرابہ کم ہے ان سے جب پوچھا گیا کہ آپ گراونڈ میں نارمل دکھا ئی دے رہے ہیں تو سرفراز احمد نے کہا کہ میری ایگریشن نیچرل ہی ہے، میں اپنا نیچرل اسٹائل نہیں چھوڑسکتا جس سے ساری کامیابی اور سب کچھ ملا اس اسٹائل کو نہیں چھوڑسکتا، اب لوگوں کو وہی چیز بری لگ رہی ہے لیکن جو نیچرل اسٹائل ہے میرا وہ تو رہے گا۔
کوئٹہ نے کراچی کنگز سے فتح چھین لی اس پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے کراچی کنگز کے خلاف میچ میں کامیابی پر کھلاڑیوں کو انعام دینے کا اعلان کردیا۔ مارٹن گپٹل کو شاندار سنچری اسکور کرنے پر پانچ لاکھ روپے، افتخار احمد، محمد حسنین، نسیم شاہ، قیس احمد، اوڈین اسمتھ اور محمد نواز کو عمدہ بولنگ کرنے پر پچاس، پچاس ہزار روپے دیے جائیں گے۔
ندیم عمر نےکہا ہے کہ ٹیم کی کامیابی میں جو بھی کھلاڑی اہم کردار ادا کرے گا اس کھلاڑی کو نقد انعام دیا جائےگا۔ انعامات قلندرز کی جانب سے بھی دیئے جارہے ہیں۔ کھلاڑی خوش ہیں،تماشائی انجوائے کررہے ہیں اور پی ایس ایل کا کارواں آگے بڑھ رہا ہے اور ٹورنامنٹ میں مزید دلچسپ میچ شائقین کے منتظر ہیں۔