پاکستانی فلم انڈسٹری کا ٹائی ٹینک، جب بھی ڈوبنے لگتا ہے، تو کوئی نہ کوئی مسیحا آکر اسے بچا لیتا ہے، اُمیدوں اور کام یابیوں کے نئے چراغ روشن کردیتا ہے۔ خوش آیند بات یہ سامنے آئی ہے کہ انڈسٹری میں ہر برس درجنوں نئے ستاروں اور فلم سازوں کا اضافہ ہوتا ہے۔ بیرون ملک بسنے والے پاکستانیوں بھی فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے سرمایہ کاری کررہے ہیں۔ ایسے لوگ قابلِ قدر ہیں، جو فن و فن کار کی پذیرائی کررہے ہیں۔ 2023ء کے آغازمیں سینما گھروں میں زیادہ روشنی دکھائی نہیں دے رہی تھی، ایسے میں لالی وڈ کے ماضی کے ہیرو شاہد نے اپنی فلم پروڈیوس کردہ فلم’’ ہوئے تم اجنبی‘‘ کو عیدالفطر پر ریلیز کرنے کا اعلان کیا، اس فلم کی ڈائریکشن ان کے اپنے صاحب زادے اور نیوزاینکر کامران شاہد نے دی ہے۔
دوسری جانب پاکستانی نژاد امریکی اداکار اور فلم ساز شایان خان نے میگا کاسٹ پر مبنی فلم ’’منی بیک گارنٹی‘‘ کو عید فیسٹیول پر ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا۔ ان کی فلم کورونا کی وجہ سے تاخیر سے ریلیز کی جا رہی ہے۔ فلم کی ڈائریکشن مزاحیہ اداکار اور ہدایت کار فیصل قریشی نے عمدہ انداز میں دی ہے۔ فلم میں کئی نئی چیزیں دیکھنے کو ملیں گی۔ گزشتہ دنوں مذکورہ دونوں فلموں کے ٹریلر اور تعارفی تقاریب کا شان دار اہتمام لاہور کے مقامی سنیما گھروں میں کیا گیا۔ اس موقع پر سینما گھروں کے سناٹوں میں بھرپور رونقیں دیکھنے میں آئیں۔ دونوں فلموں کی تعارفی تقاریب میں بلال لاشاری اور جیو کی پیش کش ’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ کے چرچے رہے۔
سب سے پہلے شایان خان اور فیصل قریشی کی فلم ’’منی بیک گارنٹی‘‘ کی رنگا رنگ تعارفی تقریب کا احوال بتاتے ہیں۔ تقریب کے رنگوں میں اضافہ کرنے کے لیے سینما گھرکو جہازی سائز کی ایس ایم ڈیز سے سجایا گیا۔ ریڈ کارپٹ پر فن کاروں کی کہکشاں سجی ہوئی تھی، جیسے جیسے فلمی ستاروں کی تقریب میں آمد ہو رہی تھی۔ مداح اپنے پسندیدہ فن کاروں کے ساتھ سب سے پہلے سیلفی بنانے کے لیے دوڑ تے نظر آئے۔
فلم ’’منی بیک گارنٹی‘‘ کے مرکزی کاسٹ میں شامل بین الاقوامی شہرت یافتہ اداکار فواد خان نے اپنی شریک حیات کے ساتھ ریڈکارپٹ کی رونقوں میں اضافہ کیا، جیسے ہی سپر اسٹار فواد خان جلوہ افروز ہوئے ، تو میڈیا اور سوشل میڈیا کا ہجوم ان کی جانب بڑھا اور سوالات کا سلسلہ شروع کردیا۔ دوسری جانب ’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ کے ڈائریکٹر بلال لاشاری اور پروڈیوسر عمارہ حکمت، فواد خان کی فلم کو سپورٹ کرنے کے لیے تشریف لائے۔
نئی مولاجٹ کے ہیرو فواد خان، ڈائریکٹر بلال لاشاری اور پروڈیوسر عمارہ حکمت کی موجودگی نے تقریب کی خُوب صورتی میں اضافہ کیا۔ بعدازاں فلم ’’منی بیک گارنٹی‘‘ کی ہیروئن عائشہ عمر اور نئی نسل کے پسندیدہ ہیرو میکال ذوالفقار نے ریڈ کارپٹ پر انٹری دی ، تو مزاحیہ اداکار مانی، گوہر رشید، افضل خان جان ریمبو اور فلم کے ڈائریکٹر فیصل قریشی بھی ریڈ کارپٹ پر جگمگانے لگے۔ فلم کی مرکزی کاسٹ میں شامل بین الاقوامی شہرت یافتہ کرکٹر وسیم اکرم، پی ایس ایل کی مصروفیات کی وجہ سے شرکت نہیں کرسکے۔ اس موقع پر فواد خان نے سادہ سی چادر اوڑھی ہوئی تھی، جسے بھرپور توجہ حاصل ہوئی۔
فواد خان کا کہنا تھا کہ میں نے کبھی مزاحیہ اداکاری نہیں کی تھی۔ ’’منی بیک گارنٹی‘‘ میں میرے مداح مجھے دل چسپ اور شرارتوں سے بھرپور کردار میں دیکھیں گے۔ وسیم اکرم فلم میں میرے باس بنے ہیں اور میں ان مینیجر بنا ہُوں۔ میں ان کو بہت تنگ کرتا ہوں۔ فلم میں کسی لمحے بھی دل چسپی کم نہیں ہوگی۔ سب فن کاروں نے خُوب ہنسی مذاق کی ہے۔ فلم کے پروڈیوسر شایان خان کا کہنا تھا کہ ہم نے فواد خان اور وسیم اکرم کو آمنے سامنے رکھا۔ دونوں ہی سپر اسٹارز کی دنیا بھر میں پہچان ہے۔ میں نے پانچ برس قبل ایک فلم بینڈ نہ باراتی بنائی تھی، یہ میں نے دوسری فلم پروڈیوس کی ہے۔ پہلی فلم کے بعد ہم نے بڑی کاسٹ کی فلم بنانے کا فیصلہ کیا۔
میرے بھائی زین فاروقی نے تمام فن کاروں کا خاص خیال رکھا۔ ہم امریکا میں بزنس کرتے ہیں، لیکن اپنے فن کاروں سے بے پناہ پیار کا حق ادا کرنے کے لیے پاکستان میں فلمیں اور ڈرامے بنا رہے ہیں۔ ہم نے سوچا ہے کہ سال میں کم از کم چار فلمیں اور کئی ڈرامے پروڈیوس کریں گے اور اس سلسلے میں کافی کام کا آغاز بھی ہو چکا ہے۔ صبا قمر اور میکال ذوالفقار کے ساتھ ڈیجیٹل میڈیا پر سیریز پیش کریں گے۔ اس کی تمام شوٹنگ مکمل ہو چکی ہے۔‘‘ فلم منی بیک گارنٹی کے ڈائریکٹر فیصل قریشی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ مجھے میرے چاہنے والوں نے مزاحیہ کرداروں میں پسند کیا۔
علی ظفر کی فلم ’’طیفا اِن ٹربل‘‘ میں میرے کردار کو کافی پذیرائی ملی۔ اب پہلی مرتبہ فلم کی ڈائریکشن دی ہے۔ وسیم اکرم، فواد خان، حِنا دل پذیر، جاوید شیخ، افضل ریمبو، کرن ملک، میکال ذوالفقار، عائشہ عمر، شایان خان، مانی اور ٹیپو سمیت کئی فن کار کاسٹ میں شامل ہیں۔ فلم بین گوہر رشید کو مزاحیہ اداکاری کرتے دیکھیں گے۔ مہنگائی کے ستائے عوام عیدالفطر پر عمدہ تفریحی سے بھرپور فلم دیکھنے ضرور نکلیں گے‘‘۔ ڈراموں اور فلموں کے اداکار میکال ذوالفقار کا کہنا تھا کہ میں اس مرتبہ بہت خوش ہوں کہ میری پہلی بار عید پر ایک نہیں دو بڑی فلمیں ریلیز ہو رہی ہیں۔ ’’منی بیک گارنٹی‘‘ اور ’’ہوئے تم اجنبی‘‘!!ان دونوں میں میرے مختلف نوعیت کے کردار ہیں، کبھی سوچا نہیں تھا کہ عید پر میری دو فلمیں ایک ساتھ ریلیز ہوں گی۔
’’منی بیک گارنٹی‘‘ میرے دل کے زیادہ قریب ہے، کیوں کہ اس میں تھوڑا بہت سرمایہ میرا بھی لگا ہوا ہے۔ شایان خان کے ساتھ میرے دوستانہ بہت پرانا ہے۔ ان کی پہلی فلم میں بھی کام کیا تھا اور اب دوسری فلم میں بھی مزیدار کردار میں نظرآئوں گا۔ فلم میں مجھ پر دو تین گانے فلمائے گئے ہیں، جوکہ بہت دل چسپ اور دل کش ہیں۔ وسیم اکرم کا لاجواب رقص، فلم بینوں کا دِل جیت لے گا۔ بعدازاں فلم کے ٹریلر اور پوسٹر کی رونمائی کی گئی۔ اس موقع پر ونس مور مور کے نعرے فضا میں گونجنے لگے۔ حاضرین کے تمام فن کاروں کے کام کو سراہا۔ وسیم اکرم کی بھنگڑا پرفارمینس کو حاضرین نے بھرپور دادو تحسین سے نوازا۔
عیدالفطر پر ریلیز ہونے والی دوسری فلم ’’ہوئے تم اجنبی‘‘ کی تعارفی تقریب کو بھی بے حد پسند کیا گیا۔ فلم کی کاسٹ میں میکال ذوالفقار، سعدیہ خان، سہیل احمد، محمود اسلم، شفقت چیمہ، ثمینہ پیرزادہ، عائشہ عمر، شمعون عباسی، علی خان اور پاکستانی فلموں کے ماضی کے کام یاب ہیرو شاہد بھی شامل ہیں۔ فلم کے ڈائریکٹر اور رائٹر کامران شاہد ہیں۔ ’’ہوئے تم اجنبی‘‘ کی کہانی کے بارے میں کامران شاہد کا کہنا تھا کہ فلم بینوں کو 1971ء کی جنگ کے پس منظر میں ہونے والی ’’ان کہی‘‘ محبت کی کہانی میں واپس آنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔ فلم میں سب سے زیادہ دل کش رومانوی کہانیوں میں سے ایک غیرمعمولی فلیش بیک بھی دکھایا گیا۔ فلم کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ اس میں 9گیت شامل کیے گئے ہیں۔ عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ عابدہ پروین نے کسی بھی فلم کے لیے پہلی بار ’’پلے بیک‘‘ گائیکی ہے۔ نئی نسل کے نامور گلوکار علی ظفر اور عاصم اظہر کی آوازوں میں بھی گیت شامل کیے گئے ہیں۔ نوید ناشاد نے کچھ گانے کمپوزکیے ہیں اور ایک گانا خود بھی گایا ہے۔‘‘
عید فیسٹیول کی تیسری فلم کا ٹریلر بھی ریلیز کردیاگیا،فلم کا دوڑ ‘‘ ہے۔ ندیم چیمہ نے نئی کاسٹ کے ساتھ دل چسپ فلم بنائی ہے۔ان دنوں اس فلم کے ٹریلر کو بھی بے حد پسند کیا جا رہا ہے۔ اُمید کرتے ہیں کہ عید کی فلموں کی جس نئے انداز میں پروموشن کی جارہی ہے۔ اسی طرح یہ باکس آفس پربھی رنگ جمائے۔