پیرس (نیوز ڈیسک)فرانس کے صدر ایمانویل میکرون نے اعلان کیا ہے کہ وہ روس اور یوکرین کی جنگ کے خاتمے کی کوشش کے لیے اپریل میں چین کا دورہ کریں گے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانسیسی صدر اپریل کے پہلے ہفتے میں چین کا دورہ کریں گے تاکہ صدر شی جن پنگ کی مدد حاصل کی جا سکے۔ فرانسیسی صدر کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب چین نے 12نکاتی پیپر شائع کیا ہے جس میں یوکرین میں جنگ بندی اور سال بھر سے جاری روس اور یوکرین کے تنازع کے خاتمے کیلئے سیاسی تصفیہ کا مطالبہ کیا گیا تھا فرانسیسی صدر نے کہا کہ روس اور یوکرین کے درمیان چین امن کی کوششوں میں مصروف ہے جو ایک اچھی چیز ہے تاہم مکمل امن کیلئے روس کی جارحیت اور اس کی فوجوں کی واپسی ضروری ہے۔صدر ایمانویل میکرون نے یہ بھی مطالبہ کیاکہ روس نے یوکرین کے جن علاقوں کو اپنی ریاست میں ضم کیا ہے وہاں سے بھی فوجیں واپس بلائے اور شہریوں کی علاقائی خودمختاری کا احترام کرے۔فرانسیسی صدر نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ چین کو روس پر دباؤ ڈالنے میں ہماری مدد کرنی چاہیے تاکہ وہ کبھی بھی کیمیائی یا جوہری ہتھیاروں کا استعمال نہ کرے۔