لندن ( پ ر) معروف سابق ٹیسٹ کرکٹر سرفراز نواز کی عیادت کرتے ہوئے حبیب جان نے حکومت پاکستان اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی مزمت کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ بورڈ پسند اور ناپسند کے فارمولے کے تحت سرفراز نواز اور دیگر کرکٹرز کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنارہا ہے۔ حبیب جان نے سرفراز نواز کو فاسٹ باؤلنگ کی ان سوئنگ کا مؤجد قرار دیتے ہوئے کہا کہ سرفراز نواز نے دنیائے کرکٹ میں ان سوئنگ کو متعارف کراتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ کو ایک نئی جہت دی اور پاکستان کا نام روشن کیا۔ حبیب جان نے کرکٹ بورڈ کے سربراہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سابق فاسٹ باؤلر سرفراز نواز کے ساتھ عرصہ دراز سے پاکستان کرکٹ بورڈ بلاکسی جواز کے پنشن اور دیگر قانونی مراعات کو روک کر غیر اخلاقی اور غیر قانونی اقدامات کا مرتکب ہورہا ہے۔ حبیب جان نے کرکٹ بورڈ کے سربراہ نجم سیٹھی سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ معروف کرکٹر سرفراز نواز کی پنشن اور دیگر مراعات کو فوری طورپر بحال کیا جائے۔