کراچی( اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم پاکستان نے وزیر اعظم کے سامنے سندھ حکومت اور پی پی کے حوالے سے اپنے مطالبات میں کوئی مثبت پیشرفت نہ ہونے پر شدید برہمی اور ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ڈی ایم حکومت کا ساتھ دے کر ہم اپنی سیاسی ساکھ کو داؤ پر لگارہے ہیں، وزیر اعظم سے بدھ کو اسلام آباد میں ایم کیو ایم کے وفد نے کنوینر ایم کیوایم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں ملاقات کی جس میں مردم شماری اور حلقہ بندیوں کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا،فد میں سینیئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال، رؤف صدیقی اور صادق افتخار بھی شامل تھے، ملاقات میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں نے پیپلزپارٹی سے کیے گئے معاہدے پر اب تک عملدرآمد نہ ہونے کا شکوہ کیا، ایم کیو ایم نے حلقہ بندیوں کے حوالے سے یقین دہانی کرانے کے باوجود سندھ حکومت کی جانب سے کوئی پیش رفت نہ ہونے پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔