تہران ( نیوزڈیسک) ایران نے 2جرمن سفارت کاروں کو ملک چھوڑ نے کا حکم دے دیا۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنانی نے کہا کہ دونوں سفارت کاروں کو ایران کے داخلی اور عدالتی معاملات میں جرمن حکومت کی مداخلت کے جواب میں ملک سے بے دخل ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔ خبررساں ادارے کے مطابق ایران کی جانب سے یہ فیصلہ ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب برلن نے حال ہی میں دہری شہریت کے لیے سزائے موت کے معاملے پر تہران کے سفارتکاروں کو بے دخل کیا تھا۔ جرمنی کا کہنا تھا کہ ایرانی سفارت کاروں کو دہری شہریت رکھنے والے جمشید شرمہد کو سنائی گئی سزائے موت کے جواب میں ملک بدر کیا گیا تھا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق جرمن چانسلر اولاف شولس کا کہنا تھا کہ ایرانی حکومت ہر اپنے ہی لوگوں سے لڑ رہی ہے اور وہاں انسانی حقوق کا کوئی احترام نہیں کیا جارہا۔ جرمن سفارتکاروں کی بے دخلی من مانی اور بلاجواز ہے، انہوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا ۔