کوئٹہ( اسٹاف رپورٹر)تحریک لبیک پاکستان کے زیراہتمام مہنگائی کے خلاف کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ، اس موقع پر مظاہرین نے بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے اور نعرے بازی کررہے تھے ۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی امیر مفتی وزیر احمد رضوی نے کہا کہ پاکستان میں عوام کو کبھی تبدیلی کے نام پر دھوکہ دیا گیا تو کبھی روٹی کپڑا ، مکان اور کبھی دوسرے نعروں سے بہلایا گیا لیکن کسی حکومت نے عوام کو ریلیف نہیں دیا ، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے نے غریب ، مزدور اور دیہاڑی دار طبقے کی کمر توڑ دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے اقتدار میں آنے سے قبل وعدہ کیا تھا کہ عوام کو ریلیف دینگے لیکن عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی بجائے آئے روز پیٹرولیم مصنوعات سمیت دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکمران عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے اپنی مراعات اور شاہانہ اخراجات ختم کریں ، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جائے ۔