کوئٹہ ( پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ شہر کے مین وسطی علاقوں میں ایک بار پھر گیس کی بندش کے عوام دشمن اقدامات قابل افسوس اور قابل مذمت ہیں ۔ بیان میں کہا گیا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی ہمارے عوام کے ساتھ مذاق کررہی ہے ،معمولی بارش کے بعد شہرمیں گیس ناپید ہوچکا ہے ، اسی طرح کیسکو کی جانب سے بجلی بند کردی جاتی ہے ، شہری جب متعلقہ ذمہ داروں سے رابطہ کرتے ہیں تو کہتے ہیں کہ ہم فالٹ ڈھونڈ رہے ہیں اور اس دوران گھنٹوں عوام کو تاریکی میں رہنے پر مجبور کیا جاتا ہے ۔کیسکو حکام اپنے متعلقہ علاقوں کے عملے کا سختی سے نوٹس لیکر عوام کو درپیش مشکلات کے خاتمے کیلئے اقدامات کریں۔ بیان میں کہا گیا کہ اسی طرح مختلف علاقوں میں گیس پریشر مکمل طور پر ختم ہونے سے صارفین، شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ، کواری روڈ، ملک جان محمد کاسی روڈ، گوردت سنگھ روڈ، میر احمد خان روڈ ، ملک فقیر محمد کاسی روڈ، زمان روڈ، سٹیورٹ روڈ، پٹیل روڈ، شاہ وکشاہ روڈ ودیگر اطراف میں گیس مکمل طور پر سارا دن بند رہتی ہے ۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کوئٹہ شہر بالخصوص مذکورہ بالا علاقوں میں گیس پریشر کی درستگی اور فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے۔