لاہور(خصوصی رپورٹر) تحریک انصاف کے رہنماؤں شفقت محمود ،اعجاز چوہدری، رانا عبدالسمیع، حاجی کرامت کھوکھر، غلام محی الدین دیوان، میاں اکرم ،عثمان ملک، ظہیر عباس کھوکھر، شبیر گجر، مراد راس ، ڈاکٹر شاہد صدیق ودیگر کی قیادت میں کارکنان اپنے اپنے حلقوں سے بڑے جلوس کی شکل میں زمان پارک میں ریلی میں شرکت کے لیے پہنچے، کارکنان نے شرکا کا شاندار استقبال کیا، منوں پھول عمران خان کی گاڑی پر پھینکے اور جگہ جگہ آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔رہنماؤں نے مختلف استقبالیہ مقامات پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاریخی ریلی سے ثابت ہوگیا لاہور تحریک انصاف کا قلعہ ہے، نون لیگ پہلا سیاسی دنگل ہار چکی، عوام کا ٹھاٹھے مارتا سمندر مریم اور بلاول ٹولے کی لوٹ مار کی سیاست کو ہمیشہ کے لئے دفن کر دے گا، ببر شیر عمران خان باہر نکلا توجعلی سرکس کے شیر اپنے بلوں میں چھپ گئے،انٹرنیشنل چورنی مریم نواز اور ان کے حواریوں کا لاہور کی باشعور عوام نے بوریا بستر گول کر دیا ۔ نگران حکومت اور پنجاب پولیس نے ریلی میں ہر طرح کی رکاوٹیں ڈالیں، ریلی کا راستہ مقبوضہ فلسطین اور کشمیر کا منظر پیش کر رہا تھا۔