• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

گلیڈی ایٹرز چھوڑنے والے کھلاڑیوں نے انہیں ہی سبق سکھا دیا

پنڈی اسٹیڈیم میں بیٹسمین جس طرح کھیلتے رہے اور ہر میچ میں رنز کا سیلاب آتا رہا اور نت نئے ریکارڈز بنے اس سے تماشائیوں کو بھر پور تفریح ملی۔ یہ وہی گراونڈ ہے جہاں گذشتہ سال کے آخر میں انگلینڈ نے ٹیسٹ میچ میں ایک دن میں پانچ سو سے زائد بنائے تھے۔ اس گراونڈ میں جس طرح کی بیٹنگ فرینڈلی کنڈیشن تھیں۔ شاید اس ماہ کے آخر میں جب افغانستان کی سیریز شارجہ میں کھیلی جائے گی اس سیریز میں بیٹنگ کے لئے آئیڈیل کنڈیشن نہیں ملیں گی۔انہی پچز پر بیٹسمینوں کا اصل امتحان ہوگا۔پاکستان سپر لیگ8میں آخری ہفتے کے دوران تین پلے آف اور اتوار کی شب قذافی اسٹیڈیم میں فائنل کھیلا جائے گا۔ کراچی، ملتان اور پنڈی کے بعد اب یہ میلہ پی سی بی ہیڈ کوارٹر میں پہنچ گیا ہے۔

شاہین شاہ آفریدی کی لاہورقلندرزٹاپ پر رہی اس نے اپنی بولنگ اور بیٹنگ کے ذریعے حریف ٹیموں کےخلاف مکمل برتری دکھائی،محمد رضوان کی ملتان سلطانز اور پاکستانی کپتان بابر اعظم کی پشاور زلمی بھی فائنل فور میں شامل ہیں۔ سرفراز احمد کی قیادت میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور عما د وسیم کی کپتانی میں کراچی کنگز وہ بدقسمت ٹیمیں شامل تھیں جو ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئیں۔ دونوں ٹیمیں گذشتہ سال بھی پلے آف میں کوالی فائی نہیں کرسکی تھی۔2019میں پی ایس ایل جیتنے کے بعد کوئٹہ لگاتار چوتھے سال فائنل میں نہیں پہنچا ہے۔پنڈی میں ہونے والے میچوں میں بیٹرز نے رنز کے انبار لگادیئے اور چند بولروں کے علاوہ زیادہ تر بولر مشکل میں دکھائی دیئے۔

کوئٹہ نے رائیلی روسو،اعظم خان،صائم ایوب ،اور عثمان خان جیسے کھلاڑیوں کو خدا حافظ کہا لیکن یہی کھلاڑی کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکو سبق سکھانے میں کامیاب ہوگئے۔ ملتان سلطانز کی جانب سے شان مسعود کی جگہ کھیلنے والے عثمان خان نے اننگز کے آغاز سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا اور انہوں نے صرف 36 گیندوں پر پی ایس ایل کی تیز ترین سنچری اسکور کر ڈالی۔ عثمان خان کی دھواں دار بیٹنگ نے گلیڈی ایٹرز کے بولرز کی لائن و لینتھ کو تہس نہس کر دیا۔ انھوں نے اپنے ساتھی کھلاڑی رائیلی روسو کی 41 گیندوں پر تیز ترین پی ایس ایل سنچری کا ریکارڈ توڑا اور عثمان خان مجموعی طور پر 43 گیندوں پر نو چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 120 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ 

پشاور زلمی کے خلاف ملتان سلطانز کے ہی رائلی روسو نے اپنا سابقہ ریکارڈ توڑتے ہوئے 41 گیندوں پر سنچری بنا کر تیز ترین سنچری کا ریکارڈ بنایا تھا۔یاد رہے کہ اس سے قبل پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا سکور اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کے خلاف 2021 میں بنایا تھا جو 247 رنز تھا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے قیس احمد مہنگے ترین بولر ثابت ہوئے اور انھوں نے چار اوورز میں 77 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پنڈی میں ٹی ٹوینٹی کرکٹ کی نئی تاریخ رقم ہوگئی۔ ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ایک میچ میں دو ٹیموں کا سب سے بڑا مجموعی ٹوٹل 515 رنز بنایا۔ ملتان سلطانز کے 262 رنز کے جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 253 رنز بنادئے اس سے قبل کسی ایک ٹی ٹوینٹی میں سب سے بڑا مجموعی ٹوٹل 501 رنز تھا۔ اب تک دنیا بھر میں کھیلے گئے 12ہزار ٹی20 میچوں بننے والا سب سے بڑا اسکور ہے۔

ساؤتھ افریقا ٹی ٹوینٹی چیلنج میں ٹائٹنز نے 271 اور نائٹس نے 230 رنز بنائے تھے ۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے بھی شکست کے باوجود ایک نیا ریکارڈ بنادیا۔کوئٹہ نے 253 رنز بناکر دوسری بیٹنگ کا سب سے بڑا اسکور اپنے نام کرلیا ۔اس سے قبل نیوزی لینڈ کے سینٹرل ڈسٹرکٹ نے اوٹاگو کیخلاف دوسری بیٹنگ میں 248 رنز بنائے تھے۔ پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ اور ملتان کے میچ میں باونڈریز کا نیا ریکارڈ بن گیا۔

میچ میں دونوں ٹیموں نے مجموعی طور پر 78 باونڈریز لگائیں33 چھکوں اور 45 چوکوں کے ساتھ ایک ٹی ٹوینٹی میں سب سے زیادہ باونڈریز کا ریکارڈ قائم کیا۔اس سے قبل پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے میچ میں 75 باونڈریز کا ریکارڈ بنا تھا۔ میچ میں مجموعی طور پر 378 رنز باونڈریز کی مدد سے بنے ہیں یہ کسی ایک میچ میں باونڈریز سے سب سے زیادہ بننے والے رنز ہیں اس سے قبل جمیکا تھلاواز اور ٹرینبیگو نائٹ رائیڈرز نے باونڈریز سے 362 رنز بنائے تھے۔ اس سے قبل رائیلی روسو نے پاکستان سپر لیگ کی تیز ترین سنچری بنانے کا اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا۔

جنوبی افریقی کرکٹر نے اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف 43 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔ ملتان سلطانز نے ٹی ٹویننٹی کی تاریخ کا دوسرا بڑا کامیاب ترین ہدف عبور کرلیا۔ ملتان نے پشاور زلمی کیخلاف 243 رنز کا ہدف چھ وکٹ پر حاصل کرلیا۔ گزشتہ سال بغاتیہ نے بھی سربیا کے خلاف 243 رنز کا ہدف عبور کیا تھا۔ ٹی ٹوینٹی کی تاریخ کا سب سے بڑا کامیاب تعاقب 244 رنز کا ہے۔ آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کے خلاف 2018 میں 244 رنز کا ہدف عبور کیا تھا۔ یہ پاکستان سپر لیگ میں ہدف کا سب سے کامیاب تعاقب بھی ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹر نے زلمی کے خلاف ہی 241 کا ہدف عبور کیا تھا۔پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ اور زلمی کےمیچ میں کئی ریکاڈز ٹوٹ ہوگئے ان میں سے ایک منفرد ریکارڈ سب سے زیادہ چوکوں کا بنا۔ راولپنڈی میں ہونے والے اس میچ میں مجموعی طور پر 75 بار گیند باؤنڈری لائن کے پار گئی۔ پی ایس ایل کے اس میچ میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مجموعی طور پر 54 چوکے اور 21 چھکے لگائے۔اس سے قبل سی پی ایل میں جمیکا اور ٹرینباگو نائیٹ رائیڈر کے میچ میں 73 باؤنڈری لائن کراس کر گئی تھیں، اسی طرح نیوزی لینڈ کے سینٹرل ڈسٹرکٹ اور اوٹیگو کے میچ 72 بار گیند نے باؤنڈری لائن کراس کی تھی۔

پی ایس ایل 8 میں 25 میچ مکمل ہوچکے ہیں، ایونٹ میں اب تک 348 چھکے اور 781 چوکے لگے تھے۔)بابر اعظم کی پی ایس ایل سنچری کے بعد انگلش جیسن رائے کی طوفانی اننگز ٹورنامنٹ کا جاندار بنادیا اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پاکستان سپر لیگ تاریخ کا سب سے بڑا ہدف آسانی سے10 گیندیں پہلے عبور کرلیا۔ کوئٹہ نے پشاور زلمی کوآٹھ وکٹ سے شکست دے کر نئی تاریخ رقم کردی۔ جیسن رائے نےصرف 63 گیندوں پر145نا قابل شکست رنز بنائے ان کی اننگز میں پانچ چھکے اور20چوکے شامل تھے۔

محمد حفیظ 18گیندوں پر41ناٹ آوٹ رنز اسکور کئے جس میں دو چھکے اور چھ چوکے شامل تھے۔ جیسن کےریکارڈ انفرادی اننگز کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو پنڈی اسٹیڈیم میں بدھ کی شب جیسن رائے کے برق رفتار شاٹس نے ملتان کے بڑے ٹوٹل کو آسان کردیا۔ میچ میں483رنز بنے اور چار وکٹ گرے۔ یہ بھی پی ایس ایل کا نیا ریکارڈ ہے۔ جیسن اور حفیظ کے درمیان 39 گیندوں پر93رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ چھکوں چوکوں کی بارش میں کسی بولر پر بیٹرز کو رحم نہ آیا۔

کئی بیٹنگ ریکارڈ بنے اور کئی ریکارڈز ٹوٹ گئے۔ پی ایس ایل میں سب بڑے ہدف 207رنز کا تعاقب ملتان نے قلندرز کے خلاف بنائے تھے۔ جیسن رائے نے پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا انفرادی اسکور بنادیااس سے قبل یہ ریکارڈ کراچی کنگز کے کولن انگرم کے پاس تھا کولن انگرم نے 2019 میں شارجہ کے مقام پر 127 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ ارشد اقبال نے 55وہاب ریاض نے56اورعامر جمال نے56رنز دیئے۔

جیسن رائے نے پاکستان سپر لیگ کی دوسری تیز ترین سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ انگلش کرکٹر نے کوئٹہ کی جانب سے پشاور کیخلاف 44 گیندوں پر سنچری مکمل کی۔ ملتان سلطانز کے رائیلی روسو نے تیز ترین سنچری 43 گیندوں پر اورقلندرز کے ہیری بروک نے 48 گیندوں پر سنچری اسکور کی تھی۔ جیسن رائے پی ایس ایل میں دو سنچری کرنے والے پہلے غیر ملکی بیٹر بن گئے۔ جیسن رائے نے گزشتہ سیزن میں کراچی میں قلندرز کے خلاف 116 رنز بھی اسکور کئے تھے۔ پاکستان سپر لیگ میں یہ پہلا موقع تھا جب دوبیٹسمینوں نے ایک میچ میں سنچری بنیں۔

پاکستان سپر لیگ کے اب بقیہ میچ لاہور میں ہوں گے شائد لاہور میں بھی بیٹنگ کے لئے ایسی کنڈیشن نہیں ہوں گی جیسی پنڈی میں تھیں۔ کوئی کچھ بھی کہہ لے پاکستان سپر لیگ میچوں نے دنیا کو اپنے سحر میں مبتلا کیا ہوا ہے۔ کئی نئے فیوچر اسٹار بھی سامنے آرہے ہیں۔ یہی اس لیگ کی خوبصورتی ہے کہ اس لیگ کا چرچہ پڑوسی ملک میں بھی ہے۔ دیکھیں اتوار کو پی ایس ایل کی نئی ٹرافی کون سا خوش قسمت کپتان اٹھاتا ہے۔ لیکن کانٹے دار مقابلوں میں ٹی ٹوئینٹی کے ذریعے تماشائیوں کو بھرپور تفریح ملی۔

اسپورٹس سے مزید
کھیل سے مزید