• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

برطانیہ اور اٹلی میں ایک ہی روز امارات ایئر لائن کی 3 مختلف پروازوں کو ہنگامی صورتِ حال کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

ان پروازوں میں سے ایک پرواز نے ٹیک آف کے 5 گھنٹے بعد واپس میلان میں لینڈنگ کی جبکہ دیگر 2 کو برطانیہ کے مختلف ایئر پورٹس پر اتارا گیا، تینوں واقعات گزشتہ روز (13 مارچ کو) پیش آئے۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق امارات ایئر کی پرواز ای کے 205 نے اٹلی کے مقامی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بج کر 45 منٹ پر میلان انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے نیویارک کے لیے ٹیک آف کیا۔

روانگی کے ڈھائی گھنٹے بعد طیارہ بحرِ اوقیانوس کے اوپر تھا جب پائلٹ نے ایئر ٹریفک کنٹرول کی ہدایت پر واپس یو ٹرن لیا۔

رجسٹریشن A6EUD کی حامل ایئر بس A380-861 نے روانگی کے 5 گھنٹے بعد واپس میلان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی۔

اسی طرح دبئی سے صبح 8 بج کر 6 منٹ پر لندن کے ہیتھرو انٹر نیشنل ایئر پورٹ کے لیے اڑان بھرنے والی پرواز ای کے 1 سوا 7 گھنٹے کی مسافت طے کر کے منزل پر پہنچی تو طیارے میں ہنگامی صورتِ حال پیدا ہو گئی۔

ایئر ٹریفک کنٹرول کی ہدایت پر ایک گھنٹہ فضا میں چکر کاٹنے کے بعد پائلٹ طیارے کو ہیتھرو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کرانے میں ناکام رہا۔

بعد ازاں رجسٹریشن A6EVE کی حامل ایئربس A380-842 نے لندن کے گیٹک ایئر پورٹ پر باحفاظت لینڈنگ کی۔

دبئی سے ہی صبح 10 بج کر 11 منٹ پر لندن کے لیے اڑنے والی امارات ایئر کی ایک اور پرواز ای کے 29 لگ بھگ سوا 7 گھنٹے کا سفر طے کر کے برطانیہ پہنچی تو پائلٹ فضا میں کئی چکر کاٹنے کے باوجود طیارے کو لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر لینڈ نہ کرا سکا اور رجسٹریشن A6EEY کی حامل ایئر بس A380-861 نے بعد ازاں برمنگھم انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی۔

اگرچہ ان واقعات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم ایک ہی روز میں 3 گھنٹے کے دوران امارات ایئر لائن کی 3 پروازوں کو پیش آنے والی ہنگامی صورتِ حال پر سوشل میڈیا پر ایوی ایشن ماہرین چہ مگوئیوں میں مصروف ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید