• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکہ اور چین آلودگی پھیلانے میں سرفہرست

واشنگٹن (نیوز ڈیسک) امریکی خلائی ادارے ناسا نے اپنے ارضی مشاہداتی سیٹلائٹ اور زمینی ڈیٹا کی مدد سے تیار کردہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ امریکا اور چین آلودگی پھیلانے والے ممالک میں سرفہرست ہیں۔ ناسا کے 60سائنسدانوں نے ان مقامات کی نشاندہی کی ہے جو کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرنے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں ۔ بین الاقوامی مطالعے میں زمین کے گرد گردش کرنے والے ناسا کے سیٹلائٹ او سی او ٹو اور زمین پر نصب آلات سے بھی مدد لی گئی ہے۔ یہ سروے 2015سے 2020 تک جاری رہا تھا۔ اس تحقیق میں سائنسدانوں نے کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج کو معلوم کیاہے۔ اس فہرست میں مجموعی طور پر 100 ممالک کا جائزہ لیا گیا ہے جو صنعتوں، ایندھن والی مشینوں اور دیگر ٹیکنالوجی کے ذریعے فضا میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کی غیرمعمولی مقدار خارج کررہے ہیں۔ اس حوالے سے ایک نقشہ جاری کیا گیا ہے،جس میں کاربن ڈائی آکسائیڈ خارج کرنے والے خطے سرخ رنگ میں نمایاں ہیں ،جب کہ کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرنے والے خطوں کو سبز رنگ میں دکھایا گیا ہے۔ کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرنے والے خطوں میں جنگلات، سبزے کے مقامات اور دیگر مقامات شامل ہیں۔ ناسا نے حکومتوں پر زور دیا ہے کہ وہ آلودگی کو روکنے میں اپنا اہم کردار ادا کریں ۔ رپورٹ کے مطابق 50 سے زائد ممالک نے 10 برس سے اقدامات کا کوئی ڈیٹا جمع نہیں کرایا۔
یورپ سے سے مزید