برمنگھم (اے پی پی) انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے مقبوضہ کشمیر میں نریندر مودی کی زیر قیادت فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے مکان مسمار کرنے اور انسانی حقوق کی دیگر خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کے مکان مسمار کرنے کی مہم فوری بند کرے، مسماری مہم پہلے سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں مزید ایک اضافہ ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے عہدیداروں ایسٹرڈ لائچ، ایان این سمتھ، بریجٹ کیڈل نے تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی کے ہمراہ برمنگھم میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سری نگر، بڈگام، اسلام آباد، بارہمولہ اور دیگر شہریوں اور قصبوں میں جاری رہائشی مکان منہدم کرنے کی کارروائیاں بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی انتظامیہ کی طرف سے جاری مسماری مہم مسلم اکثریتی جموں وکشمیر میں پہلے سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں مزید ایک اضافہ ہے، یہ مہم جبری بے دخلی کے مترادف ہو سکتی ہے جو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکام کو رہائشی مکانوں کو مسمار کرنے کی مہم فوری طور پر بند کردینی چاہیے۔