• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سمال ڈیمز کی تعمیر میں رکاوٹوں کو دور کیا جائے‘کمشنر ڈیرہ

پشاور (جنگ نیوز) کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن نثار احمد نے کہا ہے کہ سمال ڈیمز کی تعمیر میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کرنے کیساتھ ساتھ درپیش مسائل کا جلد ازالہ کیا جائے۔ یہ ہدایات انہوں نے ضم شدہ علاقوں میں سمال ڈیمز سے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے علاوہ ڈی پی او ، پراجیکٹ ڈائریکٹر سمال ڈیمز نادر خان ، ایری گیشن اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسروں نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران پراجیکٹ ڈائریکٹر نے کمشنر کو سمال ڈیمز کی تعمیر سے متعلق صورتحال ، درپیش مسائل اور دیگر حائل رکاوٹوں سے متعلق بریفنگ دی جس پر کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام حائل رکاوٹوں اور درپیش مسائل کو دور کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں ۔بریفنگ میں کہا گیا کہ غوزیزئی ٹرائبل سب ڈویژن ٹانک اور رمک ٹرائبل سب ڈویژن ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی اور لینڈ ایکوزیشن جبکہ کنڈی وام ویر جنوبی وزیرستان میں سوشل ڈسپیوٹ سمیت لینڈ ایکوزیشن اور سکیورٹی سے متعلق مسائل کا سامنا ہے۔اسی طرح ڈیرہ اور ٹانک میں پانچ ڈیمز کے ڈیزائن اور فیزیبلٹی کو بھی زیر بحث لایا گیا۔ کمشنر نے کہا کہ ڈیمز کی تعمیر وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ ڈ یمز نہ صرف سیلابوں کے اثرات کو روکتے ہیں بلکہ کافی تعداد میں بنجر اور غیر آباد زمینوں کو زیر کاشت لایا جا سکتا ہے لہٰذا تمام معاملا ت کو جلد حل کیا جائے۔
پشاور سے مزید