کوئٹہ (این این آئی ) نوشکی میں وزیر داخلہ کے جعلی لیٹر ہیڈ پر چینی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے سیکورٹی فورسز نے ایک شخص کو حراست میں لیکر سیکڑوں بوریاں چینی برآمد کرلیں ۔ باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ صوبائی وزیر داخلہ کا نام استعمال کرتے ہوئے نوشکی بارڈر پر اسمگلروں کی جانب سے تقریباً 600پارسل کی اسمگلنگ کو ناکام بنا دیا گیا،ایف سی اہلکاروں نے سرحدی علاقے میں مشکوک گاڑی کو روکا اور دوران چیکنگ اہلکاروں کی جانب سے استفسار کرنے پر ڈرائیو نے وزیر داخلہ کے جعلی لیٹر ہیڈ پر مبینہ طور پر ایک جعلی دستاویز دکھائی جس کی تفتیش کے بعد معلوم ہوا کہ استعمال کی گئی دستاویز جعلی ہیں،سیکورٹی اہلکاروں نے مذکورہ گاڑی کو تحویل میں لیتے ہوئے جعلی دستاویز کی بابت باقاعدہ صوبائی حکومت سے رابطے کیاہے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ اس حوالے سے کئی اہم انکشافات متوقع ہیں۔