کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) ایس پی سٹی ڈویژن آصف غفور نے کہا ہے کہ پولیس عوامی مسائل کے حل اور جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کیلئے عوام کے تعاون سے اقدامات کر رہی ہے۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ عمران شوکت اور ایس ایس پی آپریشنز ضیا الحق مندوخیل کی ہدایات پر تھانہ جناح ٹاؤن میں کھلی کچہری منعقد ہوئی۔جس میں ڈی ایس پی مختیار احمد موسیٰ خیل، ایس ایچ او نور اللہ جمالدینی، علاقے کے معززین اور شہریوں نے شرکت کی۔ شہریوں کی شکایات سن کر متعدد مسائل موقع پر حل کیے گئے جبکہ دیگر کے ازالے کیلئے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کی گئیں۔ایگل اسکواڈ سے متعلق شکایات پر شہریوں اور اہلکاروں کی ملاقات کرائی گئی، جس سے غلط فہمیوں کے ازالے میں مدد ملی۔ علاقے میں امن و امان کیلئے امن کمیٹی بھی تشکیل دی گئی، جبکہ شہریوں نے تھانے کے عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اہلکاروں کو تعریفی اسناد دیں۔پولیس افسران نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد پولیس اور عوام کے درمیان رابطہ مضبوط بنا کر شہریوں کے مسائل کا بروقت ازالہ یقینی بنانا ہے۔