لاہور(نمائندہ خصوصی) جماعت اسلامی کے انقلابی، انتخابی منشور کے حوالے سے منصورہ میں نائب امیر ڈاکٹر فرید احمد پراچہ کی زیر صدارت انتظامیہ کمیٹی کے ذمہ داران کا اجلاس ہوا، جس میں ناظم شعبہ تنظیم رشید احمد،سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف،صدر جے آئی یوتھ رسل خان بابر، شمس الدین امجد، لطیف الرحمن شاہ، مظہر محمود صدیقی اورعمران ظہوری غازی نے شرکت کی۔ ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے انتظامی کمیٹیوں کے ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا 22 مارچ کو امیر جماعت اسلامی سراج الحق قوم کے سامنے انقلابی منشور پیش کریں گے جو ملک و قوم کی امنگوں کا ترجمان ہو گا۔یہ منشور ملک کی خوشحالی وترقی کا گہوارہ کہلائے گا۔دریں اثناامیر جماعت اسلامی حلقہ لاہور ضیاءالدین انصاری ایڈووکیٹ نےجماعت اسلامی غربی لاہور کے اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئےکہا ہے کہ ظالم حکمرانوں نے رمضان سے قبل ہی غریبوں کی زندگی مشکل بنا دی ۔حکومت اورضلعی انتظامیہ اشیاءضروریہ اور کھانے پینے کی اشیاءکی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں مکمل ناکام ہو چکی ۔اجتماع ارکان میں سیکرٹر ی جنر ل امیرالعظیم، نائب امراء میاں ذکر اللہ مجاہد، حاجی ریاض الحسن، احمد جمیل راشد اور امیر غربی لاہور عبدالعزیز عابد نے بھی خطاب کیا۔