• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چاغی میں امن وامان کی صورتحال کا نوٹس لیا جائے‘ امان اللّٰہ نوتیزئی

کوئٹہ (پ ر) سابق صوبائی وزیر اور جمعیت علماء اسلام کے رہنما سخی امان اللہ نوتیزئی نے کہا ہے کہ ضلع چاغی میں امن و امان کی صورتحال انتہائی خراب ہوتی جارہی ہے۔ آٹا، چینی اور کھاد سے بھرے ٹرک سرحد پار اسمگل ہورہے ہیں،کور کمانڈر اور آئی جی ایف سی سے اپیل ہے کہ وہ صورتحال کا نوٹس لیں کیونکہ صوبائی حکومت نے بھی آنکھیں بند کی ہوئی ہیں۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں اپنی رہائش گاہ پر چاغی کے نمائندہ وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ کوئٹہ اور سی پیک سے روزانہ کی بنیاد پر چاغی کے راستے آٹا، چینی اور کھاد سے بھرے ٹرک سرحد پار جارہے ہیں اسی طرح بڑے بڑے ٹرکوں کے ذریعے زیرو پوائنٹ سے ڈیزل بھی اسمگل ہورہا ہے چیک پوسٹوں پر سر عام بھتہ خوری جاری ہے جس کی سرپرستی با اثر لوگ کررہے ہیں یہی وجہ ہے کہ ہمارے علاقے میں مہنگائی بھی آسمان سے باتیں کررہی ہے اور لوگ نان شبینہ کے محتاج ہوکر رہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات میں ہماری کامیابی نے مخالفین کی نیندیں حرام کردی ہیں، ٹاؤن کمیٹی میں کلین سوئپ کے بعد دوسرے مرحلے میں چیئرمین اور وائس چیئرمین ہمارے پینل کے کامیاب ہوگئے ہیں اور تیسرے مرحلے میں ڈسٹرکٹ چیئرمین شپ اور وائس چیئرمین شپ پر بھی ہم کامیابی حاصل کریں گے کیونکہ اکثریت ہمارے پاس ہے ۔
کوئٹہ سے مزید