• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماہل بلوچ پر لگائے جانے والے الزامات بے بنیاد ہیں، اہلخانہ

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) ماہل بلوچ پر لگائے جانے والے الزامات بے بنیاد ہیں ، سیاسی تنظیمیں اور انسانی حقوق تنظیمیں ان کی رہائی میں ساتھ دیں ، یہ بات ماہل بلوچ کے اہلخانہ نے پیر کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے ماہل بلوچ پر لگائے جانے والے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ دن قبل ماہل بلوچ کو چوتھی بار ریمانڈ کیلئے عدالت میں پیش کیا اور پندرہ روز کا ریمانڈ لیا گیا اس سلسلے میں صوبائی حکومت اور وزارت داخلہ نے کمیٹی بنائی ہے انہوں نے کہا کہ مبینہ طور پر جھوٹے الزامات کے تحت ماہل بلوچ کے کیس کو طول دیا جارہا ہے ، انہوں نے الزام عائد کیا کہ 17 فروی کی رات کو ان کے گھر پر سی ٹی ڈی نے چھاپہ مار کر بچوں سمیت گھر کے تمام افراد کو حراست میں لیا اور گھر کی تلاشی لینے کے بعد ہمارے پیسے اور قیمتی اشیاء بھی ساتھ لے گئے اس دوران گھر سے کوئی بھی غیر ممنوعہ چیز برآمد نہ ہونے کے باوجود ماہل بلوچ پر خودکش جیکٹ برآمد کرنے کا الزام لگاکر پابند سلاسل کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مقدمہ میں سی ٹی ڈی نےالزام لگایا ہے کہ ماہل بلوچ ایک خودکش بمبار ہے اور ان کو بارودی مواد کے ساتھ پارک میں پکڑا گیا جو سراسر بے بنیاد الزام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے انسانی حقوق کی تنظیموں کی مدد سے کوئٹہ میں دوبار ماہل بلوچ کی بازیابی کیلئے دھرنا دیا دنوں بار پولیس اور وزارت داخلہ نے ہمیں مثبت یقین دہانی کرائی جس پر ہم نے اپنا احتجاج ختم کیا تاہم ماہل بلوچ کیخلاف ثبوت نہ ہونے کے باوجود بار بار پولیس ریمانڈ منظور کرا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو ہمارے پاس احتجاج کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں ، انہوں نے سیاسی تنظیموں و انسانی حقوق کے اداروں سے اپیل کی کہ وہ ماہل بلوچ کی رہائی میں ان کا ساتھ دیں ۔
کوئٹہ سے مزید