اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان آبادی کے لحاظ سے دنیا کا پانچواں بڑا ملک ہے ، اگر آبادی پر قابو نہ پایا گیا تو 2050 تک پاکستان کی آبادی 36 کروڑ ہوجائے گی ۔ وہ انسٹی ٹیوٹ آف بزنس مینیجمنٹ ( آئی بی ایم ) کے زیراہتمام پاپولیشن ریسرچ کانفرنس 2023 کے افتتاحی سیشن سے خطاب کررہی تھیں ۔ انہوں نے کہا کہ آبادی میں ہوشربا اضافے سے پاکستان کو بڑے چیلنج کا سامنا ہے ، آبادی میں اضافے کے نتیجے میں شہروں پر دباؤ بڑھ رہا ہے ، وسائل کی کمی اور وسائل کی غیر مساوی تقسیم جیسے آبادیاتی چیلنجز جنم لےرہے ہیں۔