ماسکو (اے ایف پی) روس اور چین نے امریکا پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ عالمی سلامتی کو نقصان پہنچارہا ہے، دونوں ممالک کے صدور نے ایشیا میں نیٹو کی بڑھتی ہوئی موجودگی پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے، روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور ان کے چینی ہم منصب صدر شی جن پنگ کے درمیان مذاکرات کے بعد جاری مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ دونوں ممالک امریکا سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ عالمی اور علاقائی سلامتی کو نقصان پہنچانے اور یکطرفہ فوجی سبقت کیلئے گلوبل اسٹریٹجک استحکام کو خطرے میں ڈالنے سے گریز کریں، دونوں صدور کے دستخط شدہ اعلامیہ میں ایشیا میں نیٹو کی بڑھتی ہوئی موجودگی پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا، دونوں ممالک میں سائبیریا 2گیس پائپ لائن کی تعمیر، تعلقات کا نیا دور شروع کرنے اور جوہری جنگ سے بچاؤ کے معاہدوں پر دستخط کردیئے گئے ۔ مشترکہ اعلامیہ کے مطابق دونوں ممالک کو نیٹو کی جانب سے ایشیا پیسفک خطے کیساتھ عسکری اور سلامتی کے معاملات پر بڑھتے ہوئے تعلقات پر تشویش ہے، روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے یوکرینی حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ یوکرین میں جنگ بندی کیلئے چین کی تجاویز پر عملدرآمد کیلئے تیار نہیں ہے، چینی صدر شی جن پنگ کیساتھ مذاکرات کے بعد انہوں نے کہا کہ چین کی جانب سے پیش کئے گئے امن منصوبے کی کئی تجاویز پر عملدرآمد صرف اس وقت ممکن ہوسکتا ہے جب کیف اور مغرب دونوں اس کیلئے تیار ہوں، تاہم ان کا کہنا تھا کہ تاحال ایسی کوئی چیز دیکھنے میں نہیں آئی کہ یہ دونوں اس کیلئے تیار ہیں۔