لندن( ودودمشتاق) عالمی شہرت یافتہ برٹش پاکستانی باکسر عامر خان کو لوٹنے والے دو افراد کو مجرم قرار دے دیا گیا۔ لندن کی سنارزبروک کراون کورٹ نے 20سالہ ڈینٹے کیمپبل اور 25سالہ احمد بانا کو مجرم قرار دے دیا۔ دونوں مجرموں کو عدالت جلد سزا سنا دے گی ۔ پولیس کے مطابق ڈکیتی میں شامل حمزہ قولانے ابھی تک مفرور ہیں جس کی تلاش جاری ہے۔ جیوری نے دلائل سننے کے بعد دو ملزمان 24سالہ اسماعیل محمد اور 25سالہ نور الامین کو الزام ثابت نہ ہونے پر بری کردیا۔ جیوری سات مرد اور پانچ خواتین پر مشتمل تھی جنہوں نے دو گھنٹے کی سماعت کے بعد دو ملزمان کو بری اور دو کو مجرم قرار دیا۔ایڈمنٹن سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ اسماعیل محمد اور ہیرنگے نارتھ لندن کے 25 سالہ نورالامین نے مسٹر خان کو لوٹنے کی سازش سے انکار کیا اور جمعہ کو ایسٹ لندن کی سنارسبروک کراؤن کورٹ میں جیوری نے انہیں بری کر دیا۔ واضح رہے کہ عامر خان اپنے اہلیہ فریال بیگم کے ساتھ گزشتہ سال 18اکتوبر کو مشرقی لندن کے علاقے لیٹن کے ایک ایسٹورنٹ سے کھنا کھا کر نکل رہے تھے کہ ڈاکووں نے انہیں گن پوانئیٹ پر روکا۔ ڈاکو ان سے انکی ڈائمنڈ والی 70ہزار پاونڈز مالیت کی قیمتی گھڑی چھینی اور فرار ہوگئے۔