لاہور( این این آئی) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران اب اینٹی پاکستان طاقتوں کا مہرہ بن رہا ہے، اقتدار کیلئے فاشسٹ عمران خان شیاطین سے بھی اتحاد کر لیتے ہیں،دشمنوں کے ہاتھوں میں کھیلنے والے کو کپتانی واپس نہیں ملے گی، سلیکٹڈ کا جھٹکا ہوا تو الیکٹڈ کی یاد آئی،چیخنا چلانا قلابازیاں لگانا کچھ کام نہیں آئیگا۔سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں خواجہ سعد رفیق نے لکھا ہے کہ 2018میں عمرانی حکومت مسلط نہ کی جاتی تو پاکستان دنیا کی ابھرتی معیشت بن گیا ہو تا، تمہاری 4سال کی حکمرانی نے معاشی بنیادیں ہلا دیں۔ تمہاری 4سال کی حکمرانی سے ملکی سالمیت کو شدید خطرات لاحق ہو گئے، عمران حکومت نے اپنی نالائقی سے پاکستانیوں کو غیر ملکی قرضوں کے ریکارڈ بوجھ تلے دبا دیا۔ انہوںنے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کے سابقہ منظور نظر عمران خان اب اینٹی پاکستان طاقتوں کیلئے بطور مہرہ استعمال ہو رہے ہیں۔پی ٹی آئی کی خفیہ فارن فنڈنگ پاکستان کے قومی مفادات کیخلاف استعمال ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں گمراہی اور نفرت پھیلانے کیلئے فارن فنڈنگ کے بل پر زہریلا پراپیگنڈا پھیلایا گیا۔سعد رفیق نے مزید لکھا کہ چیخنا چلانا قلابازیاں لگانا کچھ کام نہیں آئے گا، ظلم، جھوٹ، سازش، لوٹ مار کا حساب دئیے بغیر جان نہیں چھوٹے گی، فارن فنڈڈ فتنے کا راستہ روکا جائے گا۔