• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیریز ہارنے کے بعد پاکستان نے تیسرے میچ میں افغانستان کو ہرا دیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان نے ابتدائی دو میچ اور سیریز ہارنے کے بعد تیسرے میچ میں شاندار کم بیک کیا اور افغانستان کے خلاف تیسرا ٹی ٹوئینٹی انٹر نیشنل66رنز سے جیت لیا سیریز کی ٹرافی افغانستان کے نام رہی۔پیر کی شب شارجہ اسٹیڈیم میں افغان ٹیم 116رنز پر آوٹ ہوگئی۔ پاکستان کھلاڑیوں کی آل راونڈ کارکردگی نے دو میچ میں شکست کے باوجودافغان ٹیم کو وائٹ واش کرنےکا موقع نہیں دیا۔پاکستان کو تین میچوں کی سیریز میں ایک کے مقابلے میں دو میچوں سے شکست ہوئی۔افغانستان نے دنیا کی صف اول کی ٹیم کے خلاف ٹی ٹوئینٹی سیریز جیت کر نئی تاریخ رقم کی۔عظمت اللہ عمر زئی نے سب سے زیادہ21رنز بنائے۔کپتان شاداب خان نےبیٹنگ کے بعد بولنگ میں13رنز دے کر تین وکٹ حاصل کئے اس دوران وہ ایک سو ٹی ٹوئینٹی وکٹ لینے والے پہلے پاکستانی بولر بن گئےشاداب کی کپتانی میں پاکستان نے پہلا انٹر نیشنل میچ جیتا۔فاسٹ بولر احسان اللہ نے29رنز کے عوض تین وکٹ حاصل کئےافغانستان کورحمان اللہ گرباز اور پہلا انٹر نیشنل میچ کھیلنے والے صدیق اللہ نے35رنز کا اوپننگ اسٹینڈ دیا۔احسان اللہ نے اپنی تیسری گیند پر رحمان اللہ کو بولڈ کرکے پاکستان کو پہلی کامیابی دلوائی۔وہ11گیندوں پر18رنز بناکر آوٹ ہوئے۔اگلے اوور میں محمد وسیم نے صدیق اللہ کو ایل بی ڈبلیو کردیا۔ابراہیم زدران شاداب خان کا شکار بنے۔ابتدائی دس اوورز میں اسکورتین وکٹ پر66رنز تھا۔محمد نبی17رنز بناکررن آوٹ ہوئے۔جس کے بعد پاکستانی بولر چھاگئے اور افغانستان کو بڑے مارجن سے شکست ہوئی۔عما د وسیم،محمد وسیم اور زمان خان نے بھی ایک ایک وکٹ حاصل کی۔قبل ازیںپاکستان نےسات وکٹ پر182رنزبنائے یہ تین میچوں میں سب سے بڑ اسکور ہے۔نوجوان اوپنر صائم ایوب نے40گیندوں پر49رنز کی اننگز کھیلی۔جس میں دو چھکے اور چار چوکے شامل تھے۔سیریز میں پہلا میچ کھیلنے والے افتخار احمد نے25گیندوں پر31رنز بنائے جس میں دو چھکے شامل تھے۔کپتان شاداب خان نے17گیندوں پر28رنز بنائے۔وہ ہٹ وکٹ ہوئے۔انہوں نے پانچ چوکے مارے۔ افغانستان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ تیسرے میچ میں بھی قومی ٹیم کے اوپنر بڑی پارٹنر شپ بنانے میں ناکام رہے اور نوجوان محمد حارث صرف ایک رن بنا کر فاسٹ بولر فضل الحق کی گیند پر عثمان غنی کو کیچ تھما کر پویلین لوٹ گئے۔دوسرے آؤٹ ہونے والے نوجوان طیب طاہر تھے جو صرف 10 رنز بنا سکے، انہیں محمد نبی کی گیند پر فرید احمد نے کیچ لیا۔گذشتہ دونوں اور مسلسل چار ٹی ٹوئینٹی انٹر نیشنل میں صفر پر آوٹ ہوکر عالمی ریکارڈ بنانے والے مڈل آرڈر عبد اللہ شفیق 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، وہ افغان کپتان راشد خان کو چھکا مارنے کی کوشش میں بولڈ ہوگئے۔انہوں نے 13گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے دو چھکے اور ایک چوکا مارا۔طیب طاہر نے صائم ایوب کے ساتھ25اور عبداللہ شفیق کے ساتھ20گیندوں پر35رنز کی شراکت قائم کی۔صائم ایوب نےافتخار احمد کے ہمراہ34گیندوں پر45رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔دوسرے میچ میں کیئریئر بیسٹ64رنز بنانے والے عماد وسیم13رنز بناسکے۔افتخار احمد نے شاداب خان کے ساتھ22گیندوں پر38رنز کا اضافہ کیا۔اسپنر مجیب الرحمن نے28رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ کپتان راشد خان نے31رنز کے عوض ایک کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔کریم جنت ،فضل الحق فاروقی،محمد نبی اور فرید احمد نے ایک ایک وکٹ لی۔
اہم خبریں سے مزید