• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکمہ بورڈز و جامعات میں عدالتی احکامات کے برعکس تعیناتیاں جاری

کراچی( اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت نے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تقرری کے منتظر گریڈ 18کے افسر عبدالفتح ہولیو کو محکمہ بورڈز و جامعات میں 19؍ گریڈ میں ایڈیشنل سیکرٹری تعینات کردیا ہے چیف سیکرٹری سندھ سہیل راجپوت نے تقرری کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ اس طرح محکمہ بورڈز و جامعات میں او پی ایس، دہرے چارج اور دوسرے محکموں سے آئے ہوئے افسران کی تعداد 18 سے زائد ہوگئی ہے اس سے قبل 18؍ گریڈ کے افسر فرحان اختر کو سیکرٹری بورڈز و جامعات مرید راحموں نے 19؍ گریڈ کا اضافی چارج دے کر انٹر بورڈ کراچی کے معاملات سے متعلق سہ رکنی کمیٹی کا چیئرمین مقرر کر رکھا ہے۔ اس کے علاوہ محکمہ بورڈز و جامعات میں سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے برعکس ایسے درجن سے زائد افسران اور ملازمین تعینات ہیں جو دوسرے محکموں اور خودمختار اداروں سے آئے ہوئے ہیں یعنی ڈیپوٹیشن پر ہیں جو کام تو محکمہ بورڈز و جامعات کے لیے کرتے ہیں مگرتنخواہ اپنے اداروں سے لیتے ہیں اس وقت محکمہ بورڈز و جامعات میں ڈیپوٹیشن ملازمین کا راج ہے۔ محکمہ بورڈز و جامعات میں نواز علی تنیو اور محمد یونس بلوچ کا تعلق ایس ٹیوٹا سے ہے، کمال این ای ڈی یونیورسٹی کا ریٹائرڈ ملازم ہے، منیر سندھ یونیورسٹی کا اکاؤنٹ افسر ہے، شیر محمد میٹرک بورڈ کراچی کا ملازم ہے، جبار کا تعلق لاڑکانہ بورڈ سے ہے، ریحان کا حیدرآباد بورڈ سے ، فیاض کا سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن سے ، عقیل رائیڈراور منظور کا انٹر بورڈ کراچی سے، بابر نامی کلرک کا تعلق بینظیر ڈویلپمنٹ بورڈ سے ہے۔ علی گل نامی ڈرائیور سندھ یونیورسٹی سے تنخواہ لیتا ہے اور گاڑی محکمہ بورڈز و جامعات کی چلاتا ہے۔ نوابشاہ بورڈ سے مومل نامی خاتون ڈیٹا انٹری آپریٹر کا کام کررہی ہے۔ دلچسپ امر یہ ہے محکمہ بورڈز و جامعات میں جو محمد سلیم ڈائچ نامی شخص پی ایس کے طور پر کام کررہا ہے ساری خاص سمریاں بورڈز یا جامعات کے سیکشن افسر ان کے بجائےوہ اپنے کمپیوٹر میں ٹائپ کرتا ہے اور متعلقہ افسران سے سمری تیار ہونے کے بعد صرف دستخط کرائے جاتے ہیں۔ اس سے قبل خلاف ضابطہ پراسکیوشن ڈپارٹمنٹ سے بیرو مل کو محکمہ بورڈز و جامعات میں بطور ڈپٹی ڈائریکٹر لایا گیا تھا جس کا تبادلہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ہوگیا ہے تاہم ابھی بھی اس کے پاس محکمہ بورڈز و جامعات میں ڈپٹی ڈائریکٹر کے عہدے کا چارج موجود ہے۔
اہم خبریں سے مزید