• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث عوام کو پریشان کن صورتحال کا سامنا ہے، پشتونخوا میپ

کوئٹہ (پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے معاون سیکرٹریز دوست محمد ہنہ وال ،جمشید خان دوتانی ، حاجی ولی بریالے اور منان نصرت نے مشترکہ بیان میں کوئٹہ شہرمیں گیس اور بجلی کی حالیہ لوڈشیڈنگ کے باعث عوام کو درپیش اذیت ناک صورتحال کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشتون آباد، کواری روڈ ، سرکی روڈ، تختانی بائی پاس، بلیلی ،ا غبرگ، شالدہ ، پشتون درہ ، کچلاغ، پشتون باغ، عالمو ، نواں کلی ، سرہ غوڑگئی ، ہنہ ، کلی گل محمد ،شیخان ، دیبہ ، ترخہ ، غوث آباد ، لوڑ کاریز ، سریاب، جان محمد روڈ، سیٹلائٹ ٹاؤن ودیگر علاقوں میں یومیہ 12گھنٹے بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ اور گیس پریشر کی شدید کمی اور لوڈشیڈنگ کے باعث لاکھوں روزے داروں ، عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ مہر در گرڈ سٹیشن سے منسلک علاقوں میں صبح10بجے سے شام 5بجے تک اور رات 12سے 3بجے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ نے عوام کو پریشان کررکھا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے امور خانہ داری خصوصاً سحر وافطار کی تیاری شدید متاثر ہورہی ہے اور بجلی کی بندش نے پانی کی قلت کی صورتحال پیدا کردی ہے ۔ بیان میں کیسکو حکام کی عوام دشمنی کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیاگیا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بلا تعطل بجلی کی فراہمی کی جائے اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ گیس کو درست پریشر کے ساتھ بحال کرکے عوام کو درپیش اذیت ناک صورتحال سے نجات دلائی جائے۔
کوئٹہ سے مزید