• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایچ اے کی عدم دلچسپی، قبضہ شدہ گرین بیلٹس واگزار نہ ہو سکے

ملتان (سٹاف رپورٹر) پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی ملتان کی مبینہ عدم دلچسپی کے باعث قبضہ شدہ گرین بیلٹس واگزار کروانے کے لئے سنجیدہ اقدامات نہ اٹھائے جا سکے ، وہاڑی روڈ ، پل شوالہ سمیت مختلف علاقوں میں گرین بیلٹس پر قبضوں کی وجہ سے گرین بیلٹس کی خوبصورتی بری طرح متاثر ہو رہی ہے جبکہ دو کلو میٹر سے زائد گرین بیلٹس سبزے سے محروم ہیں - تفصیلات کے مطابق پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کی جانب سے گرین بیلٹس کے قبضے واگزار کرنے کے لئے چند سال قبل گرینڈ آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا گیا تھا ، پیراں غائب روڈ سمیت مختلف علاقوں سے گرین بیلٹس پر ہونے والی قبضے واگزار کروانے کے بعد کارروائیاں ٹھپ کر دی گئی تھیں ، جس کی وجہ سے پل شوالہ اور وہاڑی روڈ سمیت مختلف مقامات پر دو کلو میٹر سے زائد گرین بیلٹس پر قبضے تاحال برقرار ہیں ، لوہا مارکیٹ کے اطراف میں واقع گرین بیلٹس کی اراضی پر کمرشل سرگرمیوں کا بھی انکشاف ہوا ہے - پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی ملتان انتظامیہ دکانداروں کی جانب سے مزاحمت کے خوف سے گرین بیلٹس پر قبضے واگزار نہیں کروا رہی ، جس کے باعث مذکورہ مقامات سبزے سے یکسر محروم ہیں - شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ گرین بیلٹس پر قبضوں کو واگزار کروانے کے لئے فوری طور پر کارروائیاں شروع کی جائیں ، تاکہ شہر کو سر سبز و شاداب بنانے کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے - اس حوالے سے پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی ملتان انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گرین بیلٹس پر قبضے واگزار کروانے کے لئے حکمت عملی تشکیل دی جا رہی ہے ، جلد گرین بیلٹس کے قبضے واگزار کروا کر شجرکاری مکمل کی جائے گی ، شہر کے دیگر مقامات پر واقع گرین بیلٹس کی دیکھ بھال کے لئے بھی عملہ تعینات کر دیا گیا ہے۔
ملتان سے مزید