کوئٹہ(این این آئی) وزیراعلیٰ بلوچستان کے پرنسپل سیکرٹری عمران گچکی سے بیوٹمز اسٹاف ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات جامعہ کے مالی بحران، ملازمین کے مسائل سے آگاہ کیا، جمعرات کو بیوٹمز اسٹاف ایسوسی ایشن کے صدر نعمان خان کی قیادت میں سہیل انور، شمس الہد یٰ سمیت دیگر پر مشتمل وفد نے وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری عمران گچکی سے انکے دفتر میں ملاقات کی ۔ وفد نے پرنسپل سیکرٹری کو ملازمین کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی ،جامعہ کے مالی بحران سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ بیوٹمز ملازمین کو گزشتہ ماہ کی تنخواہیں ادا نہیں کی گئی ہیں جس کی وجہ سے 13سو سے زائد ملازمین شدید مشکلات کا شکار ہیں ۔ وفد نے پرنسپل سیکرٹری کو بتایا کہ جامعہ کے اخراجات 2350ملین روپے ہیں جبکہ آمدن 1500ملین روپے ہے جامعہ میں اس وقت 850ملین روپے سے زائد کا خسارہ ہے جس کے لئے صوبائی حکومت سے درخواست ہے کہ وہ بیوٹمز کو بیل آؤٹ پیکج کے اجراءسمیت جامعہ کے مالی بحران کے مستقل حل کے لئے اقدامات اٹھائے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری عمران گچکی نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کا وژن ہے کہ صوبے میں اعلیٰ تعلیم کا فروغ عام کر کے نوجوانوں کو مستقبل کے چیلنجز سے نبر د آزماہونے کے لئے تیار کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے صوبائی ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے قیام کے لئے کوشش تیز کردی ہے امید ہے کہ آئندہ مالی سال سے قبل ہی صوبائی ایچ ای سی قائم کردی جائےگی ۔ پرنسپل سیکرٹری نے بیوٹمز اسٹاف ایسوسی ایشن کے وفد کو جامعہ کے مالی بحران کے حل کے لئے متعلقہ حکام سے رابطہ کر نے اور ملازمین کے مسائل کے حل کے لئے عملی اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کروائی ۔