برسلز( حافظ اُنیب راشد ) نیٹو کے وزرائے خارجہ کا دو روزہ اجلاس برسلز میں اختتام پذیر ہوگیا۔نیٹو ہیڈکوارٹرز برسلز میں منعقد ہونے والے اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےنیٹو سیکٹری جنرل یین اسٹولٹنبرگ نے کہا کہ ہم نے یوکرین کے خلاف روس کی جنگ کے عالمی نتائج پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اگر صدر پیوٹن یوکرین میں جیت جاتے ہیں تو اس سے دنیا بھر کے آمرانہ رہنماؤں کو ایک خطرناک پیغام جائے گا کہ وہ وحشیانہ طاقت کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل کر سکتے ہیں۔ وزرائے خارجہ نے روس کے ساتھ چین کی بڑھتی ہوئی صف بندی پر بھی بات کی۔ سیکرٹری جنرل نے کہا کہ اتحادیوں نے واضح کر دیا ہے کہ چین کی طرف سے روس کو مہلک امداد کی فراہمی ایک تاریخی غلطی ہوگی جس کے گہرے مضمرات ہوں گے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ جیسا کہ بیجنگ اور ماسکو قوانین پر مبنی بین الاقوامی نظام کے خلاف پیچھے ہٹ رہے ہیں، نیٹو اتحادیوں اور ہم خیال شراکت داروں کے لیے ایک ساتھ کھڑا ہونا اور بھی اہم ہے۔سیکٹری جنرل نے مزید کہاکہ اس سے قبل اتحادی ممالک کے وزرائے خارجہ نے مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں عدم استحکام، دہشت گردی اور روس اور چین کی بڑھتی ہوئی سرگرمیاں سمیت خطرات اور چیلنجز پر بات کی۔ انہوں نے دفاعی اخراجات میں اضافے کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس کے آخری سیشن میں نیٹو وزرائے خارجہ نے انڈو پیسیفک پارٹنرز آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جاپان اور جمہوری کوریا کے ساتھ بھی تبادلہ خیال کیا۔ جبکہ گزشتہ روز فن لینڈ نے نیٹو کے 31 ویں رکن ملک کی حیثیت سے اپنی سیٹ سنبھالی۔