• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران نے 7 برس بعد امارات میں سفیر تعینات کردیا

تہران (نیوز ڈیسک) ایران نے 2016 ء کے بعد پہلی بار متحدہ عرب امارات میں اپنا سفیر مقرر کر دیا ہے۔ تہران حکام نے بتایا کہ امارات کے لیے نئے سفیر کا تقرر کر دیا گیا ہے اور رضا امیری جلد ہی اپنی ذمے داریاں سنبھال لیں گے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کے لیے ایران کے نئے سفیر رضا امیری وزارت خارجہ میں بیرون ملک مقیم ایرانیوں کے دفتر میں ڈائریکٹر جنرل کے طور پر کام کر چکے ہیں۔ اگست میں متحدہ عرب امارات نے ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہتر بنانے اور وہاں اپنے سفیر کو بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔ یہ نئی پیش رفت خلیجی ریاستوں اور ایران کے درمیان تعلقات کو ازسرنو استوار کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ یاد رہے کہ 2016ء میں معروف شیعہ رہنما کو سعودی حکومت کی جانب سے پھانسی دیے جانے کے بعد ایرانی مظاہرین نے تہران میں سعودی سفارت خانے پرحملہ کر دیا تھا، جس کے بعد ریاض نے تہران کے ساتھ تعلقات منقطع کرلیے تھے۔ متحدہ عرب امارات نے بھی بعد میں ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کم کر لیے تھے۔
یورپ سے سے مزید