• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یہ حقیقت ہے کہ جب تک نئی فلموں کی موسیقی مقبول نہیں ہوگی، اس وقت تک ماضی کی طرح فلمیں میں بھی سینما گھروں سے باہر نکل کر تادیر فلم بینوں کے دلوں پر حکم رانی کرنے میں کام یاب نہیں ہوں گی۔ ایک زمانہ وہ بھی تھا، جب فلموں کے گیت فلموں کے ریلیز سے قبل ہی گلی گلی، محلوں، بازاروں اور ہوٹلوں پر سُنے جاتے تھے، پسند کیے جاتے تھے، کیوں کہ فلمیں ریلیز ہو کر سینما گھروں میں دُھوم مچا کر اتر جاتی ہیں، مگر ان کے گیت ہمیشہ سماعتوں میں رس گھولتے رہتے ہیں۔ سدا بہار فلم ’’دوستی‘‘ کے گیتوں نے فلم سے زیادہ رنگ جمائے تھے۔ 

حال ہی میں بلال لاشاری کی ڈائریکشن میں بننے والی سپر ہٹ فلم’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ نے دُنیا بھر میں بزنس کے ریکارڈ قائم کیے، مگر فلم بینوں کو ڈائریکٹر سے ایک ہی شکایت رہی کہ اس فلم میں دو تین گانے بھی شامل کرلیے جاتے، تو اور اچھا ہو جاتا۔ اسی بات کو سامنے رکھتے ہوئے ماضی کے مقبول ہیرو شاہد نے ایک فلم ’’ہوئے تم اجنبی‘‘ پروڈیوس کی اور اس میں دوچار نہیں پورے گیارہ گیت شامل کیے گئے ہیں۔ ان گیتوں کے لیے آج کی نئی نسل کے معروف موسیقاروں نے موسیقی ترتیب دی ہے، جب کہ عالمی شہرت یافتہ گلوکاروں نے پلے بیک گائیکی کا مظاہرہ کیا ہے۔ 

اس فلم کے ٹائٹل سونگ کے لیے بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکار علی ظفر کی آواز کا انتخاب کیاگیا اور اس کی اعلیٰ معیار کی وڈیو بھی بنائی گئی۔ جسے سوشل میڈیا پر غیر معمولی پذیرائی مل رہی ہے۔ اس گیت کو عہد حاضر کے مقبول شاعر عباس تابش نے لکھا ہے۔ ”ہوئے تم اجنبی“ کے شان دار میوزک کی تعارفی تقریب کا اہتمام کراچی کے مقامی سنیما گھر میں کیا گیا، جس میں شوبز کے چمکتے ستاروں سمیت اہم سیاسی اور فلمی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر باصلاحیت ہدایت کار اور اسکرپٹ رائٹر کامران شاہد کے علاوہ اداکار سہیل احمد ، علی خان، شمعون عباسی، محمود اسلم، فیصل قریشی، جاوید شیخ اور فلم کے ہیرو میکال ذوالفقار بھی موجود تھے۔ میڈیا وال پر موجود فوٹوگرافرز اور کیمرہ مین اپنے کیمروں کے ذریعے ان کی تصاویر اور ویڈیوز بناتے نظر آرہے تھے۔ بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکار علی ظفر کا گایا ہوا فلم کا ٹائٹل سونگ ”ہوئے تم اجنبی “ کی ویڈیو حاضرین کو دکھائی گئی، شہرت یافتہ بانسری کے ماہر اور میوزک کمپوزر باقرعباس کے کمپوز کردہ اس گانے کو علی ظفر جیسے لاجواب گلوکار نے اپنی سُریلی آواز میں پیش کیا۔

ٹائٹل گانے کی ویڈیو کے بعد فلم کی 13 منٹ کی جھلکیاں پیش کی گئیں، جس میں فلم کے دل چسپ سین کے ساتھ ساتھ دو مزید گانوں کی جھلکیاں بھی شامل تھیں۔ فلم کی جھلکیوں کے بعد ہال کے ریڈ کارپٹ ایریا میں فلم کے نمایاں ستارے اور دیگر عملہ میڈیا کی جانب سے کیے گئے سوالوں کے جواب دینے کے لیے موجود تھا۔

شاہد فلمز کی پروڈیوس کردہ ستاروں سے سجی محبت بھری یہ رومانوی داستان پاکستان اور بھارت کے درمیان 1971ء کے منفرد اور تاریخی پس منظر میں فلمائی گئی ہے۔ اس فلم میں میکال ذوالفقار کے مقابل سعدیہ خان مرکزی کردار ادا کررہی ہیں، جب کہ دیگر تجربہ کار ستاروں میں شفقت چیمہ، ثمینہ پیرزادہ، عائشہ عمر، عدنان جیلانی اور ماضی کے ہیرو شاہد شامل ہیں۔ موسیقی کی تعارفی تقریب میں شریک جاوید شیخ، خوش بخت شجاعت، سابق گورنر محمد زبیر، مظہر عباس، کامران خان اور دیگر نے فلم کی تعریف کرتے ہوئے کامران شاہد کی کاوشوں کو سراہا۔

فلم ’’ہوئے تم اجنبی‘‘ کے لیے نامور صوفی سنگر عابدہ پروین نے ایک گیت گایا ہے، جس کے بول ’’رانجھا بنا‘‘ ہے۔ عابد ہ پروین نے اپنی زندگی میں پہلی بار کسی فلم کے لیے آواز کا جادو جگایا ہے اور اس شرط پراپنا گانا ریکارڈ کروایا کہ ان کا گایا ہوا گیت کسی فلمی ہیروئن پر نہیں فلمایا جائے گا، لہٰذا ڈائریکٹر کامران شاہد نے انہیں یقین دہانی کروائی کہ اس گیت کو بیک گرائونڈ میں چلائیں گے۔ 

علاوہ ازیں نئی نسل کے مقبول پاپ سنگر عاصم اظہر نے بھی اپنی آواز میں اس فلم کے لیے ایک گانا ریکارڈ کروایا ہے۔ فلم کا بیک گراؤنڈ میوزک باقر عباس نے دیا ہے۔ انہوں نے کچھ گانے کمپوز بھی کیے ہیں۔ نامور موسیقار نوید ناشاد، عابدہ پروین، ساحر علی بگا نے بھی مختلف گیتوں کی موسیقی ترتیب دی ہے۔ فلم کے ڈائریکٹر کامران شاہد نے بتایا کہ ہم نے کوشش کی ہے کہ کئی برسوں بعد فلم بینوں کو ایک رومانٹک اور میوزیکل فلم دیکھنے کو ملے۔ ہم نے نئی نسل کے بڑے بڑے نامور نام اس فلم کی موسیقی اورگانوں کے لیے اکٹھا کیے۔ تمام گانے فلم کی سیچویشن کے عین مطابق ہیں۔ 

اس میں کوئی آئٹم سونگ نہیں ہے، میکال ذوالفقار اور سعدیہ خان پر زیادہ تر گانے فلمائے گئے ہیں۔ فلم بینوں کو دِل کش لوکیشن دیکھنے کو ملے گی۔ میکال ذوالفقار اور سعدیہ خان فلم میں بہت خوب صورت لگے ہیں۔ ان کی جوڑی کو پسند کیا جائے گا۔ عیدالفطر پر رومانس، ایکشن اور رسیلوں گیتوں سے سجی فلم ’’ہوئے تم اجنبی‘‘ کو دیکھنا نہ بولیں۔ دوسری جانب نامور فلم سازو اداکار شایان خان اور ہدایت کار فیصل قریشی کی فلم ’’منی بیک گارنٹی‘‘ نے ریلیز سے قبل ہی دھوم مچا رکھی ہے۔ 

فلم کی میگا کاسٹ میں سپر اسٹار فواد خان، وسیم اکرم، افضل ریمبو، عائشہ عمر اور میکال ذوالفقار شامل ہیں۔ اس فلم کے گانے فیصل قریشی نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتِ حال کو سامنے رکھتے ہوئے لکھے ہیں۔ فلموں اور ڈراموں کی معروف چنچل ہیروئن عائشہ عمر پر ایک سیاسی بولوں سے سجا گانا فلمایا گیا ہے۔ اس گانے کی کوریوگرافی بھی بہت لاجواب ہے۔ بات ابھی ختم نہیں ہوئی، اور بھی بہت کچھ ہےاس فلم میں، عالمی شہرت یافتہ کرکٹر وسیم اکرم کا بھنگڑا رقص بھی دیکھنے کو ملے گا۔ فلم کی موسیقی شانی ارشد نے لاجواب انداز میں دی ہے۔ 

بین الاقوامی شہرت یافتہ سنگر اور سماجی ورکر شہزاد رائے کی آواز میں بھی ایک گانا فلم کے لیے ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس گانے کی موسیقی شانی حیدر نے دی ہے۔ ایک اور گیت ’’کمی نہ ہو‘‘ کو تحریم مبینہ اور شانی ارشد نے گایا ہے۔ فلم میں شامل گیت ’’دل پرحکومت‘‘ کا میوزک افسر حسین نے دیا ہے، جب کہ اسے کرن وسیم رضا، تحسین وجاہت چشتی اور افسر حسین نے گایا ہے۔ شہزاد رائے نے پہلی مرتبہ کسی فلم کے لیے گانا ریکارڈ نہیں کروایا۔ وہ اس سے پہلے کئی فلموں کے لیے بھی آواز کا جادو جگا چکے ہیں۔ بالی وڈ فلم ’’کھٹا میٹھا‘‘ میں اکشے کمار پر ان کا گایا ہوا گانا بہت مقبول ہوا تھا۔ وہ زندگی ٹرسٹ بڑی کام یابی سے چلا رہے ہیں۔ 

وہ سنجیدگی سے معاشرے کی بہتری کے لیے کام کررہے ہیں۔ نئی پاکستانی فلمیں جو رواں برس چند دنوں بعد سینما اسکرین پر جگمگائے گیں۔ ان کی موسیقی دِلوں پر راج کرے گی اور فلم بین عابدہ پروین، علی ظفر، شہزاد رائے، عاصم اظہر، شانی ارشد و دیگر کی آواز کاجادو پردہ اسکرین پر دیکھیں گے بھی، اور سنیں گے بھی۔ اُمید ہے نئی فلمی موسیقی سے سجی ان لاجواب فلموں کو سب پسند کریں گے۔ سنیما گھروں میں ایک مرتبہ پھر غیر معمولی رش دیکھنے میں آئے گا۔

فن و فنکار سے مزید
انٹرٹینمنٹ سے مزید