• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ بھارت مخالف عناصر کیخلاف سخت کارروائی کرے، مودی کا سوناک کو فون

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) بھارتی وزیراعظم نے اپنے برطانوی ہم منصب رشی سوناک سے بھارت مخالف ان عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے، جو برطانیہ میں سکھوں کیلئے خالصتان کے قیام کی مہم چلا رہے ہیں۔ نریندر مودی آفس کے مطابق دونوں وزرائے اعظم نے جمعرات کو فون پر بات کی اور بھارتی ہائی کمیشن لندن کے باہر خالصتان کے حامی سکھوں کی طرف سے بھارتی پرچم ہٹائے جانے اور ہائی کمیشن کے اوپر خالصتانی پرچم لہرائے جانے کے واقعے پر تبادلہ خیال کیا۔ بھارتی وزیراعظم آفس کے ایک بیان میں کہا گیا وزیراعظم مودی نے برطانیہ میں بھارتی سفارتی اداروں کی سیکورٹی کا مسئلہ اٹھایا اور حکومت برطانیہ سے بھارت مخالف عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ وزیراعظم رشی سوناک نے بتایا کہ برطانیہ بھارتی ہائی کمیشن پر حملے کو مکمل طور پر ناقابل قبول سمجھتا ہے اور انہوں نے بھارتی مشن اور اہل کاروں کی حفاظت کا یقین دلایا ہے۔ کال کا لندن کا ریڈ آؤٹ فراہم کرتے ہوئے ڈاؤننگ سٹریٹ کے ایک ترجمان نے کہا کہ برطانوی وزیراعظم نے اس ماہ کے شروع میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر ناقابل قبول تشدد کی اپنی مذمت کا اعادہ کیا اور زور دے کر کہا کہ برطانیہ میں انتہا پسندی کی کوئی جگہ نہیں ہے اور بھارتی ہائی کمیشن عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کے بارے میں اپ ڈیٹ کیا گیا۔ برطانوی ترجمان نے یہ بھی کہا کہ دونوں رہنماؤں نے برطانیہ بھارت آزاد تجارتی معاہدے پر بھی بات چیت کی اور انہوں نے اپنی ٹیموں کو باقی مسائل کو حل کرنے کیلئے پیشرفت تیز کرنے اور عالمی سطح پر ایک ایسے معاہدے کو یقینی بنانے کی ہدایت کرنے پر اتفاق کیا، جس سے دونوں معیشتیں ترقی کرتی ہوئی نظر آئیں گی۔ مودی آفس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وہ دونوں ملکوں کے درمیان باہمی طور پر فائدہ مند آزاد تجارتی معاہدے کو جلد از جلد مکمل کرنے ضرورت پر اتفاق کیا گیا۔

یورپ سے سے مزید