اسلام آباد(نیوزایجنسیاں) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ یوریا اسمگلنگ سے کسی کو کسانوں کے حق پر ڈاکہ ڈالنے نہیں دونگا۔یوریا کھاد کی طلب و رسد کی کڑی نگرانی کی جائے، انہوں نے ہدایت کی ہے کہ ملک میں یوریا کی بروقت پیداوار اور اسکی کسانوں تک ترسیل یقینی بنائی جائے، حکومت کسانوں کی فی ایکڑ لاگت کم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے،گزشتہ ایک برس میں حکومت نے کسانوں کی خوشحالی اور شعبہ زراعت کی ترقی کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے۔یوریا کی پیداوار اور اسکی کھپت کو مد نظر رکھتے ہوئے صنعتوں کو گیس کی فراہمی اور بفر اسٹاکس کا ایک جامع لائحہ عمل پیش کیا جائے۔جبکہ وزیر اعظم نے پاور ڈویژن کو ہدایت کی ہے کہ موسم گرما میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کم سے کم رکھی جائے، نیلم جہلم منصوبے کی بحالی پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے۔