لندن (پی اے) گزشتہ ہفتے انگلینڈ میں جونیئر ڈاکٹروں کی ہڑتال کے باعث ایک لاکھ 96ہزار سے زائد ہاسپٹل اپائنمنٹس منسوخ کرنے پڑے۔ یہ انکشاف اعدادوشمار سے ہوا ہے، منسوخ شدہ اپائنمنٹس والوں میں وہ افراد شامل ہیں جو آپریشن اور دوسرے علاج کا انتظار کر رہے تھے۔ علاوہ ازیں ان میں سکینز اور فالواپ اپائنمنٹس شامل تھے ۔ منسوخیوں کی تعداد اب تک این ایچ ایس تنازع میں سب سے بڑی تعداد ہے۔ بگاڑکا درجہ کہیںزیادہ ہوسکتا ہےکیونکہ بہت سارے ہسپتالوں نے آخری وقت التوا کو کم از کم کرنے کے لئے سروسز میں کمی کر دی تھی۔ کچھ ہسپتالوں نے رپورٹ دی ہے کہ وہ اپنے طے شدہ کام کا نصف حصہ انجام نہیں دے رہے تھے تاکہ جونیئر ڈاکٹروں کی جگہ ایمرجنسی کیئر کے لئے کنسلٹنٹس تعینات کئے جا سکیں ان میں 20ہزار آپریشن اور علاج شامل ہیں بقیہ اپائنمنٹس ٹیسٹس اور چیک اپ تھے۔ اس طرح گزشتہ 5ماہ کے دوران جو اپائنمنٹس متاثر ہوئے انکی مجموعی تعداد 5لاکھ سے زائد تک پہنچتی ہے نرسیں ایمبولینس سٹاف اورفزیوز بھی جونیئر ڈاکٹروںکے علاوہ ہڑتال میں شریک تھے۔ ہیلتھ سیکرٹری سٹیو بارکلے نے منسوخ شدہ اپائنمنٹس کی تعداد کو انتہائی افسوسناک قراردیا ہے اور اسے ویٹنگ لسٹوں میںکمی کی این ایچ ایس کی کوششوں میں رکاوٹ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیسے ہی یونین ہڑتال روکتی ہے اورتنخواہوں میں 35فیصد اضافے کے موقف سے ہٹتی ہیں ہم بی ایم اے سے بات چیت شروع کرنے کے لئے تیار ہیں۔ برٹش میڈیکل ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ ہم کہیں بھی کسی وقت بھی ہیلتھ سیکرٹری سے ملاقات کے لئے خوش ہیں۔ برٹش میڈیکل ایسوسی ایشن کی جونیئر ڈاکٹرز کمیٹی کے ڈاکٹر ویویک ٹریویدی اور ڈاکٹررابرٹ لورین سن نے کہا ہے کہ ہم ان افراد سے جن کی کیئر متاثرہوئی افسوس کا اظہار کرتے ہیں یہ وہی معذرت ہے جو ہم مریضوں سے روزانہ کی بنیاد پر کر رہے ہیں۔ این ایچ ایس نیشنل میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر سر سٹیفن ہائوس نے کہا کہ آج کے اعدادوشمار این ایچ ایس میں طے شدہ کیئر پرپڑنے والے اثرات کا احاطہ کرتے ہیں۔ ملتوی کئے گئے ہراپائنمنٹس کاانفرادی زندگیوں پر ان کے خاندانوں پراثرپڑا ہے اورکمی کو پوراکرنے کیلئے ہمارے سٹاف کو بہت سارا کام کرنا پڑے گا۔ یہ صورتحال این ایچ ایس میں مزید ہڑتال پربڑھتے ہوئے خدشات کےموقع پر سامنے آئی ہے۔ ایک ہسپتال کے سربراہ نے کہا ہےکہ نرسوں کی جانب سےیکم مئی کوبینک ہالیڈے پر ہڑتال سے سٹاف کی ایمرجنسی سروسز کی اہلیت کو خطرہ ہے۔ جمعہ کورائل کالج آف نرسنگ نے 30 اپریل سے 2 مئی تک ہڑتال کا اعلان کیا ہے کیونکہ اس کے ارکان نے حکومت کی پے آفر کومسترد کردیا ہے اس نے کہا ہے کہ وہ سال کے دوران مزید ہڑتال کے لئے ارکان کی رائے شماری کرائے گی۔