• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گورنر نے صوبے اور پشاور کا شہری ہونے کا حق ادا کردیا، ملک مہر الہٰی

پشاور( جنگ نیوز )گورنر ہاوس میں عید کے تین دن عوام کے ہجوم اور تیسرے دن خواتین و بچوں کیلئے فیملی ڈے نے ثابت کردیا ہے کہ گورنر حاجی غلام علی حقیقی معنوں میں گورنر بننے کے اہل تھے اور ہیں ، تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا ہوا کہ گورنر ہاوس کو عوام نے دل کھول کے دیکھا ، تفریح حاصل کی اور پورا پورا دن یہاں انجوائے کرتے ہوئے گزارا، یہ گورنر ہاوس کسی فرد واحد کا نہیں بلکہ اس صوبے کی عوام کا ہاوس ہے ۔ ان خیالات کا اظہار گورنر ہاوس میں تینوں دن بالخصوص تیسرے یعنی فیملی ڈے پر آنے والے سیاسی و سماجی شخصیات نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ کے مشیر ملک مہر الٰہی نے کہا کہ گورنر حاجی غلام علی نے اپنے عمل سے ثابت کردیا کہ وہ واقعی پشاور کے بیٹے اور خیر خواہ ہیں ،انہوں نے جس انداز میں عید کے تینوں دن گورنر ہاوس کے دروازے کھلے رکھے اس نے ثابت کیا کہ یہ عوامی گورنر ہیں اور عوام نے مان لیا کہ واقعی وہ گورنر بننے کے حقیقی معنوں میں اہل تھے اور ہیں ۔ خاتون کونسلر مسز وحیدہ قاضی نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ خواتین و بچوں کو کھلے دل سے گورنر ہاوس میں خوش آمدید کہا گیا اور بچوں نے پورا دن جس طرح سے یہاں جھولے اور میلے سے خوشیاں حاصل کیں وہ پہلے کبھی نہیں ہو سکا ۔ مہمند چیمبر کے سابق صدر سجاد علی نے کہا کہ حاجی غلام علی نے ثابت کردیا کہ یہ گورنر ہاوس کسی فرد واحد کا نہیں ہے بلکہ اس صوبے ، قبائلی اضلاع اور پورے پاکستان کے شہریوں کے لیے ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عید کے تینوں دن عوام ، نوجوان ، بچوں ، بزرگوں اور خواتین نے گورنر ہاوس میں اپنی خوشیوں کے لمحات گزارنے کے بعد جب گورنر کو خواج تحسین پیش کیا تو یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ گورنر واقعی عوامی ہیں اور عوام ان سے محبت کرتی ہے .
پشاور سے مزید