• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور، ڈبلیو ایس ایس پی کا عید پر شہر بھر کی صفائی کا پلان کامیاب رہا

پشاور (جنگ نیوز) واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) نے عیدالفطر کے دوران شہر بھر میں صفائی، فراہمی آب و دیگر شہری خدمات کے خصوصی پلان پر کامیاب عملدرآمد کراتے ہوئے عید کے تینوں دنوں صفائی یقینی بنائی، پینے کے پانی کی فراہمی کا سلسلہ بھی جاری رہا، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر حسن ناصر، جنرل منیجر آپریشن تراب شاہ، زونل منیجرز اور دیگر حکام نے عید فیلڈ میں گزاری عملے کو عید مبارکباد دی اور مٹھائی تقسیم کی، عید آپریشن کا افتتاح چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر حسن ناصر نے زون سی میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ٹائون تھری سیدہ زینب نقوی کے ہمراہ کیا۔ پانچوں زونز میں عملہ صفائی اور واٹر سپلائی سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کی گئی تھیں آپریشن میں سینکڑوں اہلکاروں نے حصہ لیا۔ مینجمنٹ حکام فیلڈ میں آپریشن کی مانیٹرنگ بھی کرتے رہے۔ زون اے میں عید کے روز صرف مسیحی سٹاف نے خدمات دیں،ایمرجنسی عملہ بھی ڈیوٹی پر موجود رہا ،عید کے دوسرے روزخصوصی ٹیموں اورعید کے تیسرے روز 50 فیصد سٹاف نے ڈیوٹی انجام دی۔ زون بی میں عید کے تینوں دن اہلکار تین شفٹوں میں کام کرتے رہے۔اسی طرح زون سی، ڈی اور ای میں بھی عملہ مختلف شفٹوں میں کام کرتا رہا۔ آپریشن میں چھوٹی بڑی گاڑیاں بھی استعمال کی گئیں، چھوٹی گاڑیوں کے ذریعے کوڑا کرکٹ ٹرانسفر سٹیشن اور کلیکشن پوائنٹس منتقل کیا گیا جہاں سے بڑی گاڑیوں کے ذریعے ڈمپنگ سائٹ لے جایا گیا۔آخری روز کلیکشن پوائنٹس کی دھلائی کرتے ہوئے چونا ڈالا گیا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر حسن ناصر اور جنرل منیجر آپریشن تراب شاہ نے عید کے دوران شہریوں کو ایک صاف ماحول کی فراہمی کے لئے عملے کی کوششوں کو سراہا ہے۔عوامی وحکومتی حلقوں نے عید پر صفائی یقینی بنانے پر ڈبلیو ایس ایس پی کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
پشاور سے مزید