لندن (مرتضیٰ علی شاہ) لیبر کونسلر پال فشر کا کہنا ہے کہ وہ پولیس کے ساتھ مل کر لندن میں نواز شریف کے ایون فیلڈ فلیٹس کے سامنے پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے مظاہروں پر پابندی لگوانے کی کوشش کررہے ہیں کیونکہ مظاہرین کے نعروں کی وجہ سے علاقے کے مکینوں کوپریشانی ہوتی ہے اور یہ ایک مستقل صورت اختیار کر گیا ہے۔ لیبر کونسلر پال فشر، جو لائسنسنگ اور پبلک پروٹیکشن سے متعلق امور کے ڈپٹی کیبنٹ منسٹر بھی ہیں، نے ایون فیلڈ کے سامنےنواز شریف کی جدہ سے لندن واپسی کیلئے ان کے استقبال کیلئے جمع ہونے والے ہجوم کے موقع پر پاکستانی میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کے مکین بہت پریشان ہیں اور یہ بات سمجھ میں بھی آتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ مسئلہ یہ ہے کہ احتجاج اور جوابی احتجاج سے قوانین کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔ کونسلر نے کہا کہ انھوں نے ایسے شواہد دیکھے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پی ٹی آئی کم احترام کرنے والی ہے، مقامی شہریوں کے سکون کیلئے یہ سلسلہ بند کرنا ہوگا۔ کونسلر کا کہنا ہے کہ وہ سمجھتے ہیں کہ سابق وزیراعظم نواز شریف احتجاج کا سبب نہیں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ میں نواز شریف کی حمایت یا مخالفت نہیں کررہا ہوں، یہ سڑک مکینوں کیلئے ہے۔ جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ احتجاج پر پابندی لگوانے کیلئے لوکل کونسل کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں تو انھوں نے کہا کہ میں نہیں چاہتا کہ ہر ایک اس سڑک پر واقع اس عمارت ایون فیلڈ پر نعرے لگائے۔ اس کے معنی یہ ہیں کہ اس سڑک پر کسی قسم کی کوئی سیاسی سرگرمی نہیں ہونی چاہئے، اگر لوگ احتجاج کرنا چاہتے ہیں تو اس کیلئے اور بھی بہت سی جگہیں ہیں، جہاں وہ ایسا کرسکتے ہیں لیکن انھیں یہاں ایسا نہیں کرنا چاہئے، آپ پولیس کے ساتھ آرگنائز کر کے مارچ کرسکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ میں نواز شریف یا پی ٹی آئی کی حمایت یا مخالفت نہیں کررہا اور میرا پاکستان کی سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے، ان کو اصل فکر مقامی باشندوں کی بہبود کی ہے، میں دوسری قسم کا آدمی ہوں، میں چاہتاہوں کہ اس سڑک پر ہر طرح کی سیاست ختم ہوجانی چاہئے۔ میں میٹروپولیٹن پولیس اور ویسٹ منسٹر کونسل کے ساتھ مل کر ان احتجاجات کو ختم کرانے کی کوشش کررہا ہوں، یہی میرا مقصد ہے، میں نہیں چاہتا کہ رہائشی گھروں کے سامنے لوگوں کا ہجوم جمع ہو، آپ مکانوں اور رہائشیوں کو برا بھلا کہہ کر انھیں نقصان نہیں پہنچا سکتے۔ آپ لوگوں کو ہراساں نہیں کرسکتے، جب بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوتے ہیں، شہریوں کو پسینہ آجاتا ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ انھیں دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وہ نواز شریف کو یہ بتا دینا چاہتے ہیں کہ ہم سمجھتے ہیں تمام مسائل کا سبب بننے والے لوگوں کا تعلق اپوزیشن سے ہے لیکن اب اسے ختم کردینے کی ضرورت ہے، یہ پاکستانی پارلیمنٹ نہیں ہے۔ ایون فیلڈ فلیٹس پی ٹی آئی اور پی ایم ایل (ن) دونوں کے حامیوں کی جانب سے مظاہروں کا مرکز بنا ہوا ہے، یہ لوگ الفاظ کی جنگ میں مصروف ہوتے ہیں، جس سے مقامی شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جن میں سے بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ پاکستان مسائل پر مسلسل نعرے بازی کی وجہ سے ان کا ذہنی سکون غارت ہوکر رہ گیا ہے جبکہ بعض معاملات میں تشدد کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔ پی ٹی آئی نواز شریف کے خلاف احتجاجی مظاہرے کرتی ہے جبکہ پی ایم ایل این کے حامی ان کی حمایت میں مظاہرہ کرتے ہیں۔