• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کچا آپریشن‘ کروڑوں کا بجٹ خرچ‘ ایک بھی بڑا ڈاکو گرفتار نہیں کیا جا سکا

رحیم یارخان‘محمد پور دیوان (ڈسٹرکٹ رپورٹر / نامہ نگار )کچے میں آپریشن کو 19روز گزر نے کے باوجود ایک بھی بڑا ڈاکو گرفتار نہ کیا جاسکا،بدنام زمانہ ڈاکوؤں کے گروہ بلوچستان اور سندھ سمیت مختلف علاقوں میں روپوش ہوچکے ،رحیم یارخان پولیس نے کروڑوں روپے کے بجٹ کو ہوامیں پھونک دیا ، باوثوق ذرائع کے مطابق آپریشن کے ابتدائی دنوں ہی میں بدنام زمانہ ڈاکووں کے گروہ بلوچستان اور سندھ سمیت مختلف علاقوں میں روپوش ہوچکے تھے۔واضح رہے کہ کچے میں پکے آپریشن کے لیے حکومتی سطح پر ایک بہت بڑا بجٹ منظور کرکے رقم مختص کی گئی تھی تاہم 19روز گزرنے کے باوجود بھی تین اضلاع کی پولیس صرف ٹامک ٹوئیاں مار کرخفت مٹانے میں مصروف ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق صرف رحیم یارخان پولیس نے فائرنگ، تیل ،کھانا پینا، رہن سہن، آنا جانا اور مواصلات پر کروڑوں روپے کا بجٹ ہوا میں پھونک دیا ہے جبکہ ضلع راجن پور اور گھوٹکی پولیس پر خرچ ہونے والے اخراجات الگ ہیں اور تاحال گرینڈ آپریشن جاری ہے جو گندم کے سیزن کے اختتام اور دریا میں پانی کی سطح بلند ہونے تک جاری ہی رکھنے کی امید ہے۔دریں اثنا راجن پور میں کچہ آپریشن کے 19ویں روز جدید ہتھیاروں اور بکتر بند دستوں سے لیس پولیس دستے کچہ میانوالی میں ڈاکوؤں کی کمین گاہوں میں داخل، کچہ میانوالی میں بنوں گینگ کی کمین گاہیں اور خفیہ ٹھکانے مسمار کر کے نذر آتش۔ بنوں گینگ چوری، ڈکیتی ، اغوا برائے تاوان، قتل اور اقدام قتل جیسے سنگین جرائم میں ملوث تھا۔ اب تک آپریشن میں 4 دہشت گرد ہلاک، 5 ڈاکو سمیت 16 سہولت کار گرفتار ہو چکے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید