کراچی (بابر علی اعوان / اسٹاف رپورٹر) جنگ گروپ کے تحت ایکسپو سینٹر کراچی میں دی نیوز تعلیمی نمائش2025کا آغاز ہو گیا۔نمائش میں 65 سے زائد قومی اور بین الاقوامی معیار کی جامعات اور انسٹی ٹیوٹس کے اسٹالز لگائے گئے ہیں ۔ دو روزہ تعلیمی نمائش کے پہلے ہی روز خصوصی جوش وخروش دیکھنے میں آیا،تعلیمی نمائش کا افتتاح جنگ گروپ کے مینیجنگ ڈائریکٹر سینیٹر سرمد علی نے کیا۔ ہزاروں طلبانےاپنے والدین، اساتذہ ، دوستوں اور ہم جماعتوں کے ہمراہ نمائش میں شرکت کی ،نمائش میں زبردست گہما گہمی رہی اور طلبا کی بڑی تعداد مختلف اداروں کے اسٹالز پر موجو د نمائندوں سے رہنمائی لیتی نظر آئی جبکہ مختلف جامعات اور انسٹیٹوٹس کے نمائندے بھی طلبا کو مفید معلومات فراہم کرنے میں مصروف نظر آئے۔ جنگ گروپ کے مینیجنگ ڈائریکٹر سینیٹر سرمد علی نے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اورطلبا سے گفتگو کی۔ جامعات کے اسٹالز پر موجود نمائندوں نے انہیں تحائف پیش کیے ۔ اس موقع پر سید سرمد علی کا کہنا تھا کہ جنگ گروپ کئی سال سے تعلیمی نمائش کا انعقاد کر رہا ہے جو ایک قابل تقلید کاوش ہے، یہ ادارہ صرف اشاعت ہی نہیں کرتا بلکہ معاشرے میں تعلیم کے فروغ کے حوالے سے بھی خدمات سرانجام دے رہا ہےا ور آج کی نمائش اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر گزرتے سال کے ساتھ تعلیمی نمائش کے اسٹالز میں اضافہ ہوتا جار ہا ہے، ملکی جامعات کے ساتھ بین الاقوامی جامعات کے اسٹالز بھی لگتے ہیں لیکن زیادہ اسٹالز پاکستانی جامعات اور اداروں کےہوتے ہیں، ہماری جامعات بھی کسی سے کم نہیں ۔ا نہو ں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کی کوشش سے سندھ میں اعلیٰ تعلیم کا بجٹ جاری کرایا گیا ہے ، ملک و قوم کی ترقی کے لئے تعلیم ضروری ہے ۔ نمائش میں جن جامعات کے اسٹالز لگائے گئے ان میں زیبسٹ، ہمدرد یونیورسٹی،برٹش کونسل،ایچ ای سی، سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی،الخدمت بنو قابل، سہیل یونیورسٹی ، گرینچ یونیورسٹی،ایمان انسٹی ٹیوٹ، کور اکیڈمی، الکوثر یونیورسٹی ، فاسٹ ، یو ایم ڈی، یو آئی ٹی ، ڈیننگ ، اقرا یونیورسٹی، آئی بی اے سکھر، ڈی ایچ اے صفہ یونیورسٹی، فارمن کرسچن کالج، نمل، محمد علی جناح یونیورسٹی ،ٹی ایس اے، سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی، نیکٹ گلوبل، مرچی والاہب آف اکاؤنٹنسی، وی ایف ایچ ای، کراچی انسٹیٹیوٹ آف اکنامکس اینڈ ٹیکنالوجی، کے این ایس اسکول آف بزنس سائنس، انڈس یونیورسٹی ، ایم آئی ٹی ای، فاطمہ بزنس اسکول، موڈرنا، بیکن ہاؤس انٹرنیشنل اسکول، دیوان یونیورسٹی ، ایم او کے اکیڈمی، اے بی این ، ایجوکیشن لنکس ،کرپٹو فلیٹ، سمیت دیگر کئی شامل ہیں ۔نمائش کو طلباء کی جانب سے خوب پزیرائی مل رہی اورطلبا نے نمائش کو کامیاب قرار دیاہے۔ نمائش اتوار22جون کو بھی جاری رہے گی۔