اسلام آباد (صالح ظافر) امریکی حکومت نے اپنے شہریوں کو بھارت سفر کرتے وقت ’’زیادہ احتیاط‘‘ برتنے کی ہدایت کی ہے۔ اس حوالے سے امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری میں خاص طور پر سیاحتی مقامات پر پرتشدد جرائم، بشمول جنسی زیادتی کے واقعات میں اضافے کو اجاگر کیا گیا ہے۔ ایڈوائزری میں بھارت کے بعض علاقوں کو ’’سفر نہ کریں‘‘ کے زیادہ سخت درجے میں شامل کیا گیا ہے۔ ان علاقوں میں بھارت کے یونین ٹیریٹری جموں و کشمیر کے کچھ حصے شامل ہیں، تاہم مشرقی لداخ اور اس کا دارالحکومت لہہ اس سے مستثنیٰ ہیں، جہاں مسلسل دہشت گردی اور شہری بدامنی کے خطرات کے باعث یہ انتباہ جاری کیا گیا ہے۔ ایڈوائزری میں خواتین کو تنہا سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے، اور تمام مسافروں کو سفارش کی گئی ہے کہ وہ اسمارٹ ٹریولر انرولمنٹ پروگرام (STEP) میں اندراج کریں تاکہ وہ بروقت انتباہات حاصل کر سکیں اور ہنگامی حالات میں امریکی حکام کو مدد فراہم کرنے میں آسانی ہو۔