کراچی ( اسٹاف رپورٹر )ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا ہے کہ جہاد کے اعلان کا اختیار کسی گروہ کو نہیں صرف ریاست کو حاصل ہے، بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی پشت پناہی کر رہا ہے، قوم متحدہ ہے دشمن کوئی بھی ہو شکست دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں مختلف مذاہب اور سماجی حلقوں سے تعلق رکھنے والے افراد خصوصی ملاقات کے دوران کیا ۔ ملاقات میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق مختلف مذاہب اور سماجی حلقوں نے ڈی جی آئی ایس پی آر کا والہانہ خیرمقدم کیا اور اُن سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کے ماننے والے برابر کے شہری ہیں اور اُنہیں آئینی طور پر مکمل حقوق حاصل ہیں کیونکہ قومی اتحاد برابری اور ہم آہنگی سے ہی قائم رہتا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی پشت پناہی کر رہا ہے، پاک فوج جدید جنگی حکمت عملی کے ساتھ دشمن کو جواب دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نسلی لسانی نفرت جہالت ہے، تمام پاکستانی برابر ہیں، متحد رہیں گے تو کوئی طاقت ہمیں شکست نہیں دے سکتی۔انہوں نے کہا کہ جہاد کا اعلان صرف ریاست کر سکتی ہے۔ کسی فرد یا گروہ کو یہ اختیار حاصل نہیں۔ ملاقات میں مختلف مذاہب اور سماجی طبقات کے نمائندوں نے ڈی جی آئی ایس پی آر کے ساتھ ملاقات کو قابلِ قدر قرار دیا۔ اُن کا شکریہ ادا کیا اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی اس نوعیت کی نشستیں جاری رہنی چاہییں۔