• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران اسرائیل جنگ میں پاکستان حریف بنے نہ حلیف، حسین حقانی

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ’’جرگہ‘‘ میں میزبان سلیم صافی سے گفتگو کرتے ہوئے سابق سفیر حسین حقانی نے کہا ہے کہ پاکستان کے حق میں یہی بہتر ہے کہ وہ ایران اسرائیل جنگ میں نہ حریف بنے نہ ہی حلیف، ایرانی نیوز ایجنسی کے بیوروچیف افضل رضا نے کہا کہ جب تک دشمن کی جارحیت جاری رہے گی ایران کا ردعمل بھی برقرار رہے گا،میزبان سلیم صافی نے کہا کہ اسرائیل ایک طرف فلسطینیوں کا قتل عام کر رہا ہے دوسری طرف ایران کو جارحیت کا مرکز بنا دیا ہے۔سوال یہ ہے کہ جنگ کس طرف جائے گی۔ ایرانی نیوز ایجنسی کے بیوروچیف افضل رضا نے کہا کہ جنگ کے کئی دن گزرنے کے باوجود ایران کا حوصلہ بلند ہے اور جب تک دشمن کی جارحیت جاری رہے گی ایران کا ردعمل بھی برقرار رہے گا۔ انہوں نے جوہری تنصیبات پر حملے کو ناقابلِ معافی جرم قرار دیا اور کہا کہ IAEA کی رپورٹس ایران کی وعدہ وفائی کا ثبوت ہیں ۔سابق سفیر حسین حقانی نے کہا کہ یہ جنگ زمینی نہیں ہے میزائلوں کی ہے جب تک ایران کے پاس میزائل موجود ہیں وہ اسرائیل کو نشانہ بناتے رہیں گے اسرائیل کی آبادی اس بات کی عادی نہیں رہی کہ اپنے ارد گرد میزائل گرتے دیکھیں دوسری طرف ایران کے پاس ایئر فورس نہیں رہی ایئر ڈیفنس کم ہے اسرائیلی طیارے بہت آسانی سے ایرانی فضاؤں میں گھوم رہے ہیں اور اگر امریکہ اس جنگ میں شامل ہوا تو ایران کو شدید نقصان کا امکان ہے۔ پاکستان کے حق میں یہی بہتر ہے کہ وہ ایران اسرائیل جنگ میں نہ حریف بنے نہ ہی حلیف۔ایرانی سرکاری نیوز ایجنسی کے بیوروچیف افضل رضا نے کہا کہ جنگ کو کئی دن گزرنے کے بعد بھی ایرانی مورال ہائی ہے اور جنگ سے پہلے بھی اسٹرانگ تھا اور جب تک دشمن کی طرف سے جارحیت کو نہیں روکا جائے گا ایران کی طرف سے جواب دینے کا عمل بھی نہیں رکے گا۔ جوہری تنصیبات پر حملے عالمی قوانین اور ناقابل بخشش جرم ہے۔ IAEA کے سربراہ جو ایک سال میں کئی دفعہ ایران کے دورے کرچکے ہیں اور دس سے زائد رپورٹس میں بتا چکے ہیں کہ ایران اپنے وعدوں پر کھڑا ہے ۔جی سیون ممالک اس کے گارنٹر تھے اب وہ صرف باتوں کی حد تک موجود ہیں۔ ایران میں یہ سوچ ہمیشہ سے پائی جاتی ہے کہ اسرائیل سے جنگ میں اگر ہم امریکہ کو الگ سمجھیں گے تو یہ مس کیلکولیشن ہے۔عرب ممالک کے بیان کو خوش آئند قرار دیتا ہوں اور اعلیٰ سطح پر ان ممالک کے ساتھ بات ہوئی ہے کہ امریکہ ہمسایوں کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کر کے اُن ممالک میں موجود چیزوں کو اپنے حق میں استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ نے خطے میں موجود بردار ممالک سے متعلق اطمینان کا اظہار کیا ہے کہ یہ ممالک کبھی بھی اپنے ایئر اسپیس کو ایران کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔ پاکستان سے متعلق ایران کی عوام اور حکومت میں کیا سوچ پائی جارہی ہے اس سے متعلق افضل رضا نے کہا کہ ایرانی صدر کہتے ہیں کہ پاکستان کی حکومت اور عوام اس جارحیت کے خلاف ایرانی قوم اور حکومت کے ساتھ کھڑی ہے دوست اور برادر کی پاکستان اپنی مثال آپ ہے۔
اہم خبریں سے مزید