کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی ، ایوان نے ہفتہ کو محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی سالگرہ کی مناسبت سےقرارداد منظور کرلی۔ بجٹ سیشن میں قرارداد پر اپوزیشن نے سخت احتجاج کیا۔ جبکہ ایوان میں سالگرہ تقریب کا انعقاد کیا جس میں وزیراعلیٰ سندھ نے کیک کاٹا۔ ایوان میں قرارداد نثاراحمد کھوڑو کی جانب سے پیش کی گئی تھی۔ اپوزیشن اراکین نعرے بازی اور شور شرابہ کرتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔ اس موقع پر نثار کھوڑو نے اپوزیشن ارکان سے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو پر تو آپ لوگوں کو بھی فخر کرنا چاہیے ، اس قرارداد کے موقع پر احتجاج کرکے سندھ کے لوگوں کی نظر میں کیوں برے بن رہے ہو۔ ایوان نے شہید بینظیر بھٹو کو سالگرہ کے موقع پر خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد منظور کرلی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی نے کہا کہ محترمہ بینظیربھٹوسب کےلئے قابل احترام ہیں تاہم بجٹ کے دوران کسی کو بھی خراج عقیدت پیش نہیں کیا جاسکتا۔ دریں اثنا محترمہ بینظیر بھٹو کی 72 ویں سالگرہ کی تقریب ہفتہ کو سندھ اسمبلی میں ہوئی اورسالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، سابق وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ، نثار کھوڑو نے ملکرکیک کاٹا۔ تقریب میں صوبائی اسمبلی کے تمام اراکین کی شرکت کی۔