اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مردم شماری سے متعلق ایم کیو ایم کے تمام تحفظات دور کرنے کی ہدایت کی ہے۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے متحدہ قومی موومنٹ کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کو مردم شماری کے حوالہ سے ایم کیو ایم کے تمام تحفظات جلد از جلد دور کرنے کی ہدایت کی۔ ایم کیو ایم کے وفد نے مردم شماری پر ایم کیو ایم کے تحفظات کو خاطر خواہ حد تک دور کرنے کے حوالے سے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ایم کیو ایم کے وفد میں کنوینر ایم کیو ایم اور رکن قومی اسمبلی خالد مقبول صدیقی، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام سید امین الحق، سابق رکن قومی اسمبلی فاروق ستار اور سابق سینیٹر مصطفی کمال شامل تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال بھی موجود تھے۔