• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت سپریم کورٹ پر دباؤ ڈالنے کیلئے وکلاء کو استعمال کررہی ہے، مصطفی بزدار ایڈووکیٹ

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)معروف قانون دان و پاکستان تحریک انصاف لائرزونگ کے رہنماء غلام مصطفی بزدار ایڈووکیٹ نے کہاہےکہ ملک بھر کے وکلاء آئین اور سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پی ڈی ایم حکومت سپریم کورٹ پر دباؤ ڈالنے کیلئے بعض وکلاء کو استعمال کرر ہی ہے ۔کوئٹہ میں بلائے گئے مخصوص سوچ کے وکلاء کےاجلاس سے اکثریت وکلاء کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاہےکہ پاکستان بھر کے وکلاء نے ہمیشہ آئین و قانون کی سربلندی اور عدلِیہ کی آزادی کی جدوجہد کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھی ہیں وہ 2007 میں عدلیہ بحالی کی تحریک ہو یا ایل ایف او کے خلاف جدوجہد اور بحالی جمہوریت کی تحریک ہو۔ وقت نے آج پھر ملک کو دوراہے پر لا کر کھڑا کیا ہے جہاں ایک طرف نام نہاد جمہوری حکومت قانون شکنی کر کے آئین کو پامال کرنے کے در پے ہے اور دوسری طرف ملک کی سب سے بڑی عدالت سپریم کورٹ کے احکامات، جو کہ آئین کی روح کے عین مطابق اور پاسداری کے لئے ہیں کو ماننے سے انکاری ہے ملک بھر کے وکلاء آئین اور قانون کی سر بلندی کے لئے ماضی کی طرح آج سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑے ہیں پی ڈی ایم اور امپورٹڈ حکومت اگر سمجھتی ہے کہ وہ مختلف ہتھکنڈوں کے ذریعے وکلاء میں نفاق پیدا کر کے اپنے مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گی تو یہ بھول ہے وکلاء کی اکثریت ان کے ان مقاصد کو کبھی پورا نہیں ہونے دیں گے۔
کوئٹہ سے مزید