اسلام آباد (این این آئی)پبلک اکاؤنٹس کمیٹی(پی اے سی ) نے سپریم کورٹ کے رجسٹرار کو طلب کرتے ہوئے عندیہ دیا ہے کہ اگر رجسٹرار حاضر نہ ہوئے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے جائیں گے۔
پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی نورعالم خان کی زیر صدرات منعقد ہوا جس میں سپریم کورٹ کا 2010ء سے 2021ء تک آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔
چیئرمین پی اے سی نور عالم نے اس حوالے سے رجسٹرار سپریم کورٹ کو 16مئی کو طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ رجسٹرار سپریم کورٹ اکاؤنٹس کمیٹی کے سامنے نہ آئے تو وارنٹ جاری کروں گا اور اگر وارنٹ پر اسٹے آرڈر لیا گیا تو دوبارہ وارنٹ جاری کروں گا۔
چیئرمین کمیٹی نے آڈیٹرجنرل کو ججز، صدر اور وزیراعظم کی تنخواہوں کا موازنہ پیش کرنے کی بھی ہدایت کردی، جبکہ نیشنل کرائم ایجنسی یو کے سے 190ملین پاؤنڈز کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا گیا ہے ۔