اسلام آباد (جنگ رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف نے سپریم کورٹ میں زیر التواء پنجاب وخیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات میں تاخیر سے متعلق مقدمہ میں ایک نئی متفرق درخواست دائر کرتے ہوئے14 مئی کو پنجاب میں انتخابات کروانے کے فیصلے پر عملدرآمد کروانے کی استدعا کی ہے اور کہا کہ الیکشن تاریخ پر اتفاق نہ ہوسکا، ایکشن لیں ، بدھ کے روز دائر متفرق درخواست میں بیان کیا گیا ہے کہ تحریک انصاف اور حکومتی اتحاد کے درمیان مذاکرات کے تین ادوار ہوئے ہیں لیکن ملک بھر میں ایک ہی روز قومی و صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کے انعقاد کی تاریخ پر حتمی اتفاق نہیں ہو سکا ہے دستور سے انحراف کی راہ روکنے کیلئے عدالتی فیصلے کی روشنی میں 14 مئی کو انتخابات کا انعقاد لازم ہے ، سپریم کورٹ نے19 اپریل کے اپنے حکمنامہ میں سیاسی جماعتوں کے مابین مذاکرات کے ذریعے انتخابات کے انعقاد کے لائحہ عمل کی تیاری کی تجویز دی تھی جس پر تحریک انصاف نے وائس چئیرمین شاہ محمود قریشی، مرکزی سینئر نائب صدر چوہدری فواد حسین اور سینیٹر علی ظفر پر مشتمل خصوصی مذاکراتی کمیٹی قائم کی تھی جبکہ پی ڈی ایم کی کمیٹی وزیر ِ خزانہ اسحاق ڈار ، سینیٹر یوسف رضا گیلانی ، ویزرِ ریلویز خواجہ سعد رفیق، وزیر تجارت نوید قمر اور دیگر پر مشتمل تھی، مذاکراتی ٹیموں نے نیک نیتی سے 27 ، 28 اپریل اور 2 مئی کو بات چیت کی جس کے نتیجے میں فریقین کے مابین تین نکات پر اتفاقِ رائے ہوا کہ فریقین متفقہ طور پر سمجھتے ہیں سیاسی جماعتوں کے مابین مذاکرات اہم ہیں اور تمام سیاسی تنازعات کا حل سیاسی جماعتوں کے پاس ہے ، فریقین سمجھتے ہیں کہ پوری نیک نیتی سے بات چیت اور ایسے حل کے دریافت کی کوشش کرینگے جو عوام کے حق میں اور آئین و قانو ن کے دائرہ کے اندر ہو۔